وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے ملاقات کے بعد وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ملاقات مثبت رہی۔ وزیراعظم نے تعاون کا یقین دلایا ہے۔
وزیراعظم اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے درمیان ملاقات میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا کے تقرر اور صوبے کو فنڈز کی فراہمی کے معاملے پر بات ہوئی۔
مزید پڑھیں
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ہم ایسا کوئی مطالبہ نہیں کریں گے جو وفاقی حکومت کے لیے ممکن ہی نہ ہو۔ کیونکہ وزیراعظم نے مالی مشکلات سے آگاہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہاکہ میں نے وزیراعظم سے ملاقات میں عمران خان سے ملاقات کا معاملہ بھی اٹھایا ہے، کیونکہ ہمیں سینیٹ انتخابات کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہاکہ شہباز شریف نے تسلیم کیا ہے کہ عمران خان سے سیاسی انگیجمنٹ ضروری ہے، کیونکہ اس کے بغیر مسائل حل نہیں ہو سکتے، مجھے ملاقات کے حوالے سے یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ شہباز شریف نے ہمیں کہا ہے صوبے کے عوام نے آپ کو مینڈیٹ دیا ہے، جو ٹیم لانا چاہتے ہیں لائیں۔
انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف کو خط لکھنے کا مطلب ہر گز یہ نہیں تھا کہ پاکستان کو رقم نہ دی جائے۔
احسن اقبال کا وزیراعلیٰ کی وزیراعظم سے ملاقات کا خیرمقدم
اس موقع پر وفاقی وزیر پلاننگ احسن اقبال نے کہاکہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کی ترقی اور صوبے میں امن کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی وزیراعظم سے ملاقات کا خیرمقدم کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سیاست سب کی اپنی اپنی مگر ریاست سانجھی ہے، علی امین نے جو باتیں کی ہیں، وزیراعظم نے انہی جذبات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی یقین دہانی پر وزیراعظم نے سحروافطار میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
احسن اقبال نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اب ملکی ترقی کے لیے ساری اکائیاں مل کر آگے بڑھیں گی۔