وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر کے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مضبوط تر بنانے میں مثالی کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دوستی پر ہم سب کو ناز ہے۔
ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع سعودی سفارتخانے میں ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجاب حکومت کے ساتھ بے پایاں تعاون پر سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا، سعودی سفیرنواف بن سعیداحمد المالکی نے محسن نقوی کو وفاقی وزیر داخلہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا بھی اظہارکیا۔
سعودی سفیر نے پنجاب میں غیر معمولی رفتار اور اعلیٰ معیار سے ریکارڈ مدت میں عوامی منصوبوں کی تکمیل پر محسن نقوی کی کارکردگی کو سراہا، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجاب حکومت کے ساتھ بے پایاں تعاون پر سعودی سفیر کا شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے، سعودی عرب پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، پاکستانی قوم کو سعودی عرب کے ساتھ تعلقات پر فخر ہے۔
محسن نقوی نے سعودی سفیر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مضبوط تر بنانے کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے، سعودی عرب کے ساتھ تاریخی دوستی پر ہم سب کو ناز ہے۔