وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کو ماحولیاتی خطرات سے بچانے کے لیے پوری قوم کو شجر کاری مہم میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں موسمیاتی خطرات کا سب سے زیادہ شکار پانچواں ملک ہے، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے آگاہی ضروری ہے، ملک میں جنگلات کا رقبہ صرف 5 فیصد ہے، رواں سال پودے لگانے کا ہدف دوگنا کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں پودا لگا کر موسم بہار کی ملک گیر شجر کاری مہم 2024 کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کل رقبے کے تناسب میں جنگلات صرف 5 فیصد ہیں۔ ہماری پچھلی حکومت کا 24کروڑ درخت لگانے کا منصوبہ تھا، اس سال درخت لگانے کی تعداد دگنی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کا شکار ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث ملک کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ تعلیمی اداروں میں بھی اس خطرے سے آگاہی فراہم کرنا ضروری ہے اور شجرکاری مہم کو پورے ملک میں پھیلانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
واضح رہے کہ رواں سال 2024 میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 5 کروڑ 43 لاکھ 80 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ 2023 کی موسم برسات کی شجر کاری مہم کے دوران 4 کروڑ 90 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے تھے۔
موسم بہار کی شجر کاری مہم کے سلسلے میں پنجاب میں ایک کروڑ 41 لاکھ، سندھ میں ایک کروڑ 17 لاکھ 20 ہزار، خیبر پختونخوا میں 57 لاکھ 10 ہزار ، بلوچستان میں 30 لاکھ، آزاد جموں کشمیر میں ایک کروڑ 18 لاکھ 50 ہزار اور گلگت بلتستان میں 80 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔