پیپلز پارٹی نے سندھ سے سینیٹ کے ممکنہ امیدواروں کو آج شام 7 بجے وزیر اعلیٰ ہاؤس طلب کرلیا ہے، جہاں نام فائنل ہونے کے بعد کاغذات نامزدگی پر دستخط کیے جائیں گے۔
سندھ کی سینیٹ نشستوں پر امیدواروں کے معاملے پر زرداری ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اور فریال تالپور سمیت دیگر رہنماؤں کے درمیان مشاورت ہوئی۔
سندھ سے سینیٹ کے لیے سرفرازراجڑ، اشرف جتوئی، روبینہ قائم خانی، عینی مری، پونجومل، ویرجی کولہی، مسرور احسن، ضمیرگھمرو، عاجز دھامرا، جاویدنایاب لغاری کے نام زیرغور ہیں۔
سینیٹ نشستوں کے لیے ممکنہ امیدواروں کو آج شام 7 بجے وزیراعلیٰ سندھ ہاؤس پہنچنے کی ہدایت کردی گئی ہے، حتمی امیدواروں کا فیصلہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
سندھ کے 12 سینیٹرزکی خالی نشستوں پر 2اپریل کو پولنگ ہوگی، جس میں 7 جنرل ،2 ٹیکنوکریٹ، 2 خواتین اور ایک اقلیت کی نشست پر انتخاب کا عمل مکمل کیا جائے گا۔