’ٹکٹ چاہیے تو بندے زمان پارک بھیجیں‘

بدھ 15 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ  اور پنجاب کی سابق صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ایک آڈیو لیک منظر عام پر آگئی جس میں کہا گیا کہ اگر ٹکٹ چاہیے تو تمام افراد بندے لے کر زمان پارک پہنچیں۔

آڈیو لیک میں ڈاکٹر یاسمین راشد بریگیڈئیر ریٹائرڈ اعجاز شاہ سے کہہ رہی ہیں کہ ‘خان صاحب نے کہا کہ سارے ایم این ایز، ایم پی ایز کو فون کرو، ان سے کہو کہ زمان پارک پہنچیں اور بندے لے کر پہنچیں، جو نہیں پہنچے گا میں نے اس کو ٹکٹ نہیں دینا’۔

اس آڈیو لیک میں یاسمین راشد مزید کہہ رہیں کہ ‘عمران خان نے ابھی مجھے یہ بات کہی ہے’۔ اس کے جواب میں بریگیڈئیر اعجاز شاہ نے کہا کہ ‘جی ! ہم کر رہے ہیں۔’

واضح رہے کہ لاہور کا علاقہ زمان پارک گزشتہ روز سے میدان جنگ کا منظر پیش کررہا ہے۔ اسلام آباد پولیس اور پنجاب پولیس رینجرز کی معاونت سے تحریک انصاف کے سربراہ کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم تحریک انصاف کے کارکنان مزاحمت کر رہے ہیں۔

وی نیوز رپورٹنگ ٹیم کے مطابق اس وقت بھی سیکڑوں کی تعداد میں کارکنان عمران خان کی رہائش گاہ کی حفاظت کر رہے ہیں۔

تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان گرفتار ہونے کے لیے تیار ہیں لیکن کارکنان نہیں مان رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے آج ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں بھی کچھ اسی قسم کا عندیہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘میں نے زمان پارک کے باہر موجود کارکنان سے کہا کہ آپ چلے جائیں، میرا بیگ تیار ہے، میں کوئی انتشار نہیں چاہتا۔ تاہم ہمارے کارکنان کو پتہ ہے کہ جب سے ہماری حکومت گئی ہے، ہمارے لوگوں کو جیل میں ڈال کر تشدد کیا گیا۔ ہمیں یہ بھی پتہ ہے کہ اعظم سواتی، شہباز گل کے ساتھ کیا ہوا۔ ارشد شریف کے ساتھ کیا ہوا، ہمیں یہ بھی پتہ ہے کہ ظل شاہ کو کس طرح اٹھایا گیا اور اس پر تشدد کرکے قتل کیا اور سڑک پر پھینک دیا گیا۔ اسی لیے کارکنان کو فکر ہے کہ پولیس مجھے لے گئی تو وہ میرے ساتھ بھی ویسا ہی سلوک کرے گی، یہی وجہ ہے کہ کارکنان رات سے مقابلہ کر رہے ہیں۔’

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp