’بیوٹی کوئین‘ مدھو بالا کی زندگی پر فلم بنانے کا باضابطہ اعلان

ہفتہ 16 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی عہد ساز اور خوبصورت ترین اداکارہ مدھو بالا کی زندگی پر بننے والی فلم کے حوالے سے کئی ماہ سے جاری قیاس آرائیاں بلآخر اس وقت دم توڑ گئیں جب فلم کے لیے ہدایتکارہ جسمیت کے رین کا گزشتہ روز (جمعہ) انسٹاگرام اکاؤنٹ پر آفیشل اعلان کیا۔ جسمیت نے 2022 میں فلم ڈارلنگ ڈائریکٹ کی تھی جس میں مرکزی کردار عالیہ بھٹ نے ادا کیا تھا۔

انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بتایا گیا کہ فلم سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ پروڈیوس کرے گی، کمپنی نے خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ہم بڑی خوشی کے ساتھ اعلان کرتے ہیں کہ عہد ساز اداکارہ جو متانت، وقار اور صلاحیتوں کا پیمانہ تھیں، انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کی مختصر زندگی پر مبنی فلم پروڈیوس کریں گے۔

ہدایتکارہ جسمیت کے رین نے بھی فلم پوسٹر کو اپنے انسٹا گرام پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ حیرت انگیز لوگوں کے ساتھ ایک دلچسپ نیا سفر شروع کرتے ہیں، تاہم انہوں نے پروجیکٹ کے حوالے سے کسی اداکار یا اداکارہ کے بارے میں نہیں بتایا۔

واضح رہے کہ 2022 میں وینس آف دی ایسٹ کے نام سے مشہور مدھو بالا کی بہن مدھر برج بھوشن نے ان افراد کو خبر دار کیا تھا جو لوگ ان کی مرحومہ بہن کی زندگی پر ان کی اجازت کے بغیر پروجیکٹ شروع کرنا چاہ رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ ایسے لوگوں کو قانونی ایکشن کا سامنا کرنا پڑے گا، مدھو بالا کی زندگی پر فلم بنانا ان کے خاندان کا جذباتی اور قانونی حق ہے۔

مدھوبالا بھارتی فلم انڈسٹری کا وہ ستارہ تھیں جو اگرچہ کم وقت کے لیے چمکا لیکن جب تک اسکرین پر رہا اس نے سب کے دلوں پر راج کیا۔ اداکارہ نے 1950 اور 1960 کے عشرے میں کئی کامیاب فلمیں کیں جن میں محل، نرالا، ترانہ، کالا پانی، ہاؤڑا برج، چلتی کا نام گاڑی اور مغل اعظم شامل ہیں۔

مارلن منرو سے مشابہ مدھوبالا کا اصل نام ممتاز جہاں دہلوی تھا، انہوں نے 27 سالہ فلمی کیرئیر میں 70 سے زائد فلموں میں کام کیا، ان کی فلم ’محل‘ باکس آفس پر بلاک بسٹر رہی تو مغل اعظم شاہکار قرار دی گئی۔ وہ 23 فروری 1969 کو صرف 36 برس کی عمر میں دل کی دھڑکنیں تھم جانے کے باعث انتقال کرگئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp