شین واٹسن کا آئی پی ایل کمنٹری کو گرین شرٹس کی کوچنگ پر ترجیح دینے کا فیصلہ

ہفتہ 16 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ناک آؤٹ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ شین واٹسن وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں۔ شین واٹسن کی واپسی سے ان کو قومی ٹیم کا ہیڈ کوچ بنائے جانے کی افواہیں بھی دم توڑ رہی ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این (کرک انفو) کے مطابق یہ کہنا بہت مشکل ہے کہ شین واٹسن پی سی بی کی آفر قبول کریں گے کیونکہ شین واٹسن اپنی فیملی کے ساتھ سڈنی میں رہتے ہیں اور اس سال پہلے ہی ان کا شیڈول کافی مصروف ہے۔

کرک انفو کے مطابق وہ میجر لیگ کرکٹ میں سان فرانسسکو یونیکورنز کے کوچ کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں اور آئی سی سی ایونٹس کے ساتھ ساتھ انڈین پریمیئر لیگ میں اسٹار سپورٹس پر کمنٹری بھی کرتے ہیں۔

شین واٹسن پاکستان سے روانہ ہوچکے ہیں، انہیں رواں سال پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوچ مقرر کیا گیا تھا تاہم گزشتہ رات اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد وہ وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ شین واٹسن صرف وائٹ بال کوچنگ کے میں دلچسپی رکھتے ہیں جب کہ پی سی بی دونوں فارمیٹ کا ایک ہی کوچ رکھنا چاہتا ہے اور طویل معاہدہ چاہتا ہے، جبکہ شین واٹسن طویل معاہدے کے لیے رضا مند نہیں ہیں۔

اس کے علاوہ پی سی بی کی جانب سے ہیڈ کوچ کے لیے مائیک ہیسن اور ڈیرن سیمی کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔  ہیسن اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ اور سیمی پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

تاہم ذرائع کے مطابق وقت کی کمی اور موجودہ صورتحال میں پاک نیوزی لینڈ سیریز میں مقامی کوچ کے لیے مختلف ناموں پر غور کیا جارہا ہے۔

واضح رہے ایک ہفتہ قبل پی سی بی کے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین محسن نقوی نے کہا تھا کہ بورڈ کچھ مختلف آپشنز سے رابطے میں ہے۔ پاکستان کے لیے بہترین کوچز کی تقرری میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp