وزیراعظم شہبازشریف کا مبارکباد کے لیے ٹیلی فون کال پر سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان سے اظہار تشکر

ہفتہ 16 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کی جانب سے مبارکباد کے لیے ٹیلیفونک رابطہ کرنے پر ان سے اظہار تشکر کیا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان نے ہفتہ کو سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ایکس پر کی گئی پوسٹ میں خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ میں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پر امید ہوں تاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے وسیع اور تاریخی برادرانہ تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل کیا جاسکے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کو سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کا مبارکباد کا ٹیلی فون

وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کو دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ٹیلی فون کال کے ساتھ ساتھ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے کے فوراً بعد بھیجے گئے مبارکباد کے پرجوش پیغام پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں

وزیراعظم نے الحرمین الشریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صحت و تندرستی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سعودی عرب کے فرمانروا اور ولی عہد کے لیے بے پناہ محبت اور احترام رکھتے ہیں۔

انہوں نے سعودی قیادت کے ساتھ ساتھ سعودی عوام کو بھی رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی مبارکباد دی اور دعا کی کہ یہ مقدس مہینہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے امن اور خوشحالی لائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی، گہرے اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل عزم اور حمایت پر سعودی عرب کی تعریف کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ولی عہد کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستانی عوام شاہی عظمت کے پرتپاک استقبال کے منتظر ہیں۔

سعودی ولی عہد نے وزیر اعظم کے جذبات پر شکریہ ادا کیا۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ دونوں ممالک میں قریبی برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp