مراد سعید کے کاغذات جمع: کیا ایوان بالا کے ممبر بن سکیں گے؟

ہفتہ 16 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا سے ایوان بالا کی 7 جنرل، 2 خواتین اور ٹیکنوکریٹ کی 2 نشتوں کے لیے اب تک 42 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں جن میں پاکستان تحریک انصاف کے روپوش رہنما مراد سعید بھی شامل ہیں۔

ترجمان الیکشن کمیشن خیبر پختونخوا نے مراد سعید کے کاغذات جمع ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مراد سعید کی جانب سے جنرل نشست کے لیے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی کے لیے مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد جانچ پڑتال کا عمل شروع ہو گا۔

‘ریٹرننگ افسر امیدوار کو طلب کر سکتا ہے’

الیکشن کمیشن کے افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کرنے میں ریٹرننگ افسر کا کردار ہوتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ مراد سعید روپوش ہیں جبکہ ان کے کاغذات جمع کرائے گئے ہیں۔ اب ظاہر ہے انہوں نے کاغذات پر دستخط کیے ہوں گے۔ اکثر امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت خود آتے ہیں اور آر او کے سامنے دستخط کرتے ہیں۔ جنہیں بعد میں جانچ پڑتال کے دوران طلب نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے مزید کہاکہ اگر کوئی امیدوار کسی وجہ سے جیل میں ہو تو ہم نے دیکھا ہے کہ اس کے وکلا کاغذات جمع کراتے ہیں۔ لیکن مراد سعید کا کیس مختلف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جانچ پڑتال کے دوران مراد سعید کو طلب کیا جا سکتا ہے تاکہ اپنے دستخط کی تصدیق کریں اور اگر وہ نہیں آئے تو کاغذات نامزدگی منظور ہونے کی امید بہت کم ہے۔

ان کے مطابق اگر مراد سعید خود آکر تصدیق کرتے ہیں پھر تو کاغذات منظور ہو جائیں گے لیکن اگر آر او کے سامنے پیش نہ ہوئے تو پھر مشکل ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید بڑے عرصے سے روپوش ہیں اور عام انتخابات کے دوران بھی منظرعام پر نہیں آئے جس کی وجہ سے اُس وقت بھی ان کے کاغذات مسترد ہوگئے تھے۔

عام انتخابات کے موقع پر کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران آر او نے تصدیق کے لیے مراد سعید کو طلب کیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے تھے جس کی وجہ سے دستخط پر شک کی بنیاد پر ان کے کاغذات کو مسترد کیا گیا تھا۔ مراد سعید کو اس معاملے پر الیکشن ٹربیونل اور ہائیکورٹ سے بھی ریلیف نہیں ملا تھا۔

مجموعی طور پر خیبر پختونخوا سے کتنے امیدواروں نے کا غذات جمع کرائے؟

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبر پختونخوا سے ایوان بالا کی 11 نشتیں خالی ہیں جن کے لیے ابھی تک 42 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ ٹیکنوکریٹ کی 2 نشستوں کے لیے 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ جن میں اعظم خان سواتی، قاضی محمد انور ایڈووکیٹ، وقار احمد قاضی، ڈاکٹر حماد محمود چیمہ، خالد مسعود، فضل حنان، دلاور خان، قیضر خان، نور الحق قادری اور سید ارشاد حسین شامل ہیں۔

7 جنرل نشستوں پر 25 امیدوار سامنے آ گئے

اس کے علاوہ 7 جنرل نشستوں کے لیے 25 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں جن میں عرفان سلیم، محمد طلحہ محمود، دلاور خان، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی، اظہر قاضی مشوانی، نیاز احمد، وقاص اورکزئی، فضل حنان، آصف اقبال، اعظم خان سواتی، مراد سعید، فیض الرحمان، خرم ذیشان، عطاالحق، مسعود الرحمان، شفقت ایاز، آصف رفیق، محمود خان، نور الحق قادری، محمد نسیم، سجاد حسین، تاج محمد آفریدی، احمد مصطفیٰ اور فدا محمد شامل ہیں۔

اسی طرح خواتین کی 2 نشستوں کے لیے 7 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے جن میں مہوش علی خان، عائشہ بانو، روبینہ ناز، روبینہ خالد، شازیہ، سیدہ طاہرہ بخاری اور حامدہ شاہد شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp