وزیرستان حملے میں شہید ہونے والے فوجی افسران کی نماز جنازہ میں صدر اور آرمی چیف کی شرکت

اتوار 17 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان میر علی میں شہید ہونے والے 2 شہدا کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔ نماز جنازہ میں صدر آصف زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بھی شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، اعلیٰ حاضر سروس فوجی و سول افسران و دیگر نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ ان کے علاوہ شہدا کی نماز جنازہ میں وزیر خارجہ، وزیر داخلہ بھی شریک ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف شہید اور کیپٹن محمد احمد شہید کی نمازجنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی۔ 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی شہید کراچی کے رہائشی تھے جبکہ 23 سالہ کیپٹن محمد احمد بدر شہید تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔

نماز جنازہ میں شرکت کے موقع پر صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ایمان، اتحاد، نظم وضبط کےنظریات کو مسلسل برقرار رکھا ہےاور انہوں نے ہمیشہ ان پائیدار اصولوں کی روشنی میں دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی ہے، پاک فوج نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پیشہ وارانہ معیار ہمیشہ برقرار رکھا ہے۔

صدر آصف زرداری نے مزید کہا کہ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر جوانوں کے غیر متزلزل عزم کی زندہ مثال ہے۔

 

واضح رہے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 افسران اور 5 جوان شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 16 مارچ 2024 کی علیٰ الصبح، 6 دہشت گردوں نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر خود کش حملہ کیا۔ جس کے نتیجے میں سرزمین کے 5 بہادر بیٹے شہید ہوگئے۔ بعد ازاں دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے 2 افسران نے بھی جام شہادت نوش کیا۔ تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جیسے ہی اپنے فوجیوں نے دراندازی کی ابتدائی کوشش کو ناکام بنایا تو دہشت گردوں نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی کو چوکی سے ٹکرا دیا، اس کے بعد متعدد خودکش حملے کیے گئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور 5 بہادر سپاہی شہید ہوگئے۔

شہدا میں حوالدار صابر (ضلع خیبر کا رہائشی)، نائیک خورشید (ضلع لکی مروت کا رہائشی)، سپاہی ناصر (ضلع پشاور کا رہائشی)، سپاہی راجا (ضلع کوہاٹ کا رہائشی) اور سپاہی سجاد (ضلع ایبٹ آباد کا رہائشی) شامل ہیں۔

کلیئرنس آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کی سربراہی میں مؤثر کارروائی میں تمام 6 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی (عمر: 39 سال، کراچی کے رہائشی) اور کیپٹن محمد احمد بدر (عمر: 23 سال، ضلع تلہ گنگ کے رہائشی) نے بہادری سے لڑنے کے بعد شہادت کو گلے لگایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp