شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، عطا تارڑ

اتوار 17 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ شہدا کے خلاف تضحیک آمیز مہم ناقابل قبول ہے، مہم چلانے والوں کی شناخت کی جا رہی ہے، ایسی مہم برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہدا کی قربانیوں کا مذاق اڑانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ یہ توہین آمیز، تضحیک آمیز معاملات چل رہے ہیں، ہم نے ان اکاؤنٹس کو رپورٹ بھی کیا لیکن بدقسمتی سے یہ اکاونٹس ابھی بھی کام کررہے ہیں۔ آپ سیاسی تنقید ضرور کریں لیکن شہدا کی تضحیک کا کیا مقصد ہے؟

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی طرف سے چند گزارشات کرنا تھیں، ہم عوامی مسائل کو سمجھتے ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے آتے ہی معیثیت کے حوالہ سے ایجنڈا دیا، اور نجکاری کے معاملات پر بھی زور دیا گیا ہے۔

’جیسے کچھ قومی ادارے بہت خسارے کا شکار ہیں ان کی نجکاری کو فوری ٹیک اپ کیا‘۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ ٹیکس اصلاحات ہیں جن پر کام شروع کیا گیا ہے کہ ٹیکس دینے کی استطاعت رکھنے والوں کو کیسے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ اس حوالے سے ہمارے نئے وزیر خزانہ اقدامات کررہے ہیں۔ بین الاقوامی جریدوں نے بھی وزیر خزانہ کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

قومی یکجہتی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ کل شمالی وزیرستان کے علاقہ میر علی میں 7 شہادتیں ہوئیں، پاک فوج کے نوجوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ کیپٹن محمد بدر نامی 23 سالہ نوجوان شہید ہوا جو 5 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ قربانیاں دی گئی ہیں، ان قربانیوں کی وجہ سے ہی ملک قائم و دائم ہے۔ ہجرت کے وقت بھی کئی لاکھ لوگ شہید ہوئے۔ آج بھی ملک کی سلامتی کے لیے لوگ اپنی جانوں کا نظرانہ پیش کررہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ فوجی جوانوں کے گھر والوں کی قربانیوں سمیت ایک لیفٹیننٹ کرنل صاحب نے بھی قربانی دی۔ لیکن ایک سیاسی جماعت جسکا ٹریک ریکارڈ ہی شہدا کی قربانیوں کی توہین کرنا ہے نے گزشتہ روز بھی یہی کیا۔

انہں نے کہا کہ کل بھی یہی ہوا، میرے پاس کچھ ثبوت بھی موجود ہیں جو آپکے سامنے پیش کرنا چاہتا ہوں، اور بتانا چاہتا ہوں کہ کیسے تحریک انصاف کے کارکنان اور سوشل میڈیا سیل ایسے تضحیک آمیز مواد کے پیچھے ہے۔

’جب بھی 23مارچ یا 6ستمبر آتا ہے، تب ان ماؤں بہنوں کی آنکھیں نم ہوتی ہیں، لیک ان میں یہ جرات کیسے آتی ہے کہ شہدا کی شہادت کی تضحیک کریں‘۔

عطا تارڑ نے کہا کہ سیاست بعد میں ہے، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، یہ ملک سب سے پہلے ہے۔ ہمیں اس ملک اور فوج کی قربانیوں کی قدر کرنی چاہیے ناکہ ان کی تضحیک کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp