سوشل میڈیا پر شہدا کے خلاف ہرز ہ سرائی، حکومتی وزرا اور پی ٹی آئی رہنما آمنے سامنے

اتوار 17 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما اسد قیصر نے وفاقی وزرا خواجہ آصف اور عطاء اللہ تارڑ کو پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے خلاف مبینہ طور پر توہین آمیز مہم میں پی ٹی آئی کو ملوث کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ وزرا پی ٹی آئی کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔

اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ خواجہ آصف اور عطا تارڑ کا پاکستان تحریک انصاف کو پاک فوج کے شہدا کے حوالے ملوث کرنا بقول ان کے گمراہ کن پروپیگنڈا ہے جو کہ افسوسناک ہے۔

فوجی جوانوں پر حملے کے پیچھے پی ٹی آئی سوشل اکاؤنٹس ہیں، عطا تارڑ

واضح رہے کہ اس سے قبل وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کے خلاف کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک روز قبل شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے پاک فوج اور فوجوں جوانوں پر حملے کے پیچھے پی ٹی آئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا ہاتھ ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ لوگوں نے شہدا کا مذاق اڑایا اور ان کا موازنہ ریٹرننگ افسران سے کیا۔

شہدا کے خلاف بیانات دینے والوں کا تعلق دہشت گردوں سے ہے، خواجہ آصف

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ شہدا کے خلاف بیانات دینے والوں کا تعلق دہشت گردوں سے ہے جو سوشل میڈیا پر افواج پاکستان کے خلاف ہیں۔

پی ٹی آئی نے ہمیشہ افواج پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے، اسد قیصر

پی ٹی آئی کے رہنما قیصر نے دونوں وفاقی وزراء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے ہمیشہ ملک کی سرحدوں کا دفاع کرنے والے فوجیوں کی قربانیوں کا اعتراف کیا ہے۔

فوجیوں کی شہادت کو استعمال کرنے والے قوم کے خیر خواہ نہیں

انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جو لوگ فوجیوں کی شہادت کو اپنے سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرتے ہیں وہ قوم کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ قوم کو ملک کی حفاظت کرنے والے ہر سپاہی پر فخر ہے۔

حکمران جماعت سیاسی فائدے کے لیے شہدا کو سیاست میں گھسیٹ رہی ہے، بیرسٹر سیف

دریں اثنا پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سیف نے بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت سیاسی فائدے کے لیے شہدا کو سیاست میں گھسیٹ رہی ہے۔

انہوں نے شہدا کے خلاف مہم میں پارٹی کے کسی بھی طرح کے ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایک محب وطن جماعت ہے جس نے مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑا۔

عمران خان کی قائم کردہ جماعت پر طنز کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا تھا کہ پی ٹی آئی اپنی شناخت کھو چکی ہے اور یہ واضح نہیں ہے کہ یہ پی ٹی آئی ہے یا سنی اتحاد کونسل( ایس آئی سی)۔

انہوں نے کہا کہ کئی سیاسی جماعتوں کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ اختلافات تھے لیکن ان میں سے کسی نے بھی ایسا رویہ اختیار نہیں کیا۔خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ امریکا کو جس قسم کے خطوط لکھے جا رہے ہیں وہ پاکستان مخالف ہیں۔

شہدا کے خلاف مہم کے پیچھے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم ہے، عطا  تارڑ

ادھر عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ شہدا کے خلاف مہم چلانے والے اکاؤنٹس کے پیچھے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کا ہاتھ ہے، اس طرح کا رویہ ناقابل برداشت ہے اور اس مہم کے پیچھے موجود افراد کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔

اتوار کو لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ میں ایک سیاسی جماعت کی جانب سے شہدا اور ان کی قربانیوں کے خلاف شروع کی گئی توہین آمیز سوشل میڈیا مہم کی مذمت کرتا ہوں۔

قوم قومی اتحاد اور سلامتی کے لیے متحد ہو جائے

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ قومی اتحاد اور سلامتی کے لیے متحد ہو جائیں، انہوں نے کہا کہ کچھ بھی ہو ’ سرخ لکیروں کو عبور نہیں کیا جانا چاہئے‘ ، انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس طرح کی مہم چلانے والوں کی نشاندہی کی جائے گی اور قانونی کارروائی کے ذریعے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

تارڑ نے مزید کہا کہ بہت سے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان سے باہر چلائے جا رہے ہیں اور ان اکاؤنٹس کے فالوورز بھی پاکستان میں موجود ہیں۔

شہیدوں کی قربانیوں کا مذاق اڑانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ سیاست پر سو بار تنقید کریں لیکن شہدا کے خلاف ایسا نہ کریں۔ شہدا کی توہین اور ان کا مذاق اڑانا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp