گلگت بلتستان میں 22 سے 23 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ، صورتحال کب بہتر ہوگی؟

پیر 18 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گلگت بلتستان ایک ایسا خطہ ہے جہاں کے عوام 12 مہینے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیلتے ہیں۔ سردیوں میں نالوں میں پانی کی کمی جبکہ گرمیوں میں سیلابی صورتحال کی وجہ سے بجلی کے نظام میں اکثر خلل رہتا ہے۔

ان دنوں بھی گلگت بلتستان کے عوام 22 سے 23 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں جس کی بنا پر معمولات زندگی متاثر ہورہے ہیں۔ سردیوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کاروبار زندگی ٹھپ ہو جاتا ہے جبکہ دیگر روزمرہ کے معاملات نمٹانے میں بھی سخت مشکلات کا سامنا رہتا ہے۔

محکمہ برقیات کی جانب سے سردیوں میں یہ بہانہ کیا جاتا ہے دریا میں پانی کا بہاؤ کم ہے اور چونکہ گلگت بلتستان نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں اس لیے بجلی فراہم کرنے سے قاصر ہیں۔

رمضان المبارک میں 5 گھنٹے بجلی فراہم کی جائے گی، وزیر برقیات مشتاق حسین

گلگت بلتستان کے وزیر برقیات مشتاق حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک میں گلگت بلتستان کے عوام کو بجلی کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ مسائل کا شکار ہے اس لیے عوام کو روزانہ 5 گھنٹنے بجلی فراہم کی جائے گی۔

مشتاق حسین کے مطابق رمضان المبارک کے دوران عوام کو 3 گھنٹے سحری جبکہ 2 گھنٹے افطار کے وقت بجلی فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لیے اسپیشل لائنوں کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔ گلگت، نگر، ہنزہ، چلاس، اسکردو میں 5 گھنٹے بجلی عوام کو تھرمل جنریٹر کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔

وزیر برقیات نے کہاکہ گلگت بلتستان میں پاور پراجیکٹس پر کام جاری ہے، تاہم مہنگائی مہنگائی کی وجہ سے سست روی کا شکار ہے۔ ہم چونکہ ٹربائن وغیرہ بیرون ملک سے نہیں خرید سکتے مگر بہت جلد بجلی کی صورتحال بہتر ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp