عارضی اقدامات کافی نہیں، پرائس کنٹرول کے لیے ٹھوس پالیسی لائی جائے، نواز شریف

پیر 18 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت 3 شہروں میں ’پائلٹ سوک ایڈمینسٹریشن سینٹرز‘ بنانے کی تجویز کا جائزہ اجلاس ہوا۔

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں محمد نواز شریف نے ’رمضان نگہبان ‘ پیکج کے کامیاب پروگرام پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

ڈیمانڈ اینڈ سپلائی درست کرنے سے پرائس خودبخود کنٹرول ہو جائیں گی، نواز شریف

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ عارضی اقدامات کافی نہیں ہیں، قیمتوں کے استحکام اور پرائس کنٹرول کے  لیے ٹھوس پالیسی لائی جائے، ڈیمانڈ اینڈ سپلائی درست کرنے سے پرائس خودبخود کنٹرول ہو جائیں گی۔

اجلاس میں 3  شہروں میں پائلٹ سوک ایڈمینسٹریشن سینٹرز بنانے کی تجویز کاجائزہ لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اس سے متعلق جامع پلان طلب کرلیا  اور سوک ایڈمینسٹریشن سینٹرز کو لوکل لاء اور اسپیشل لاز، پرائس کنٹرول، پولیس کے اختیارات دینے کی تجویز پر مزید غور و خوض کی ہدایت کی۔

میاں نواز شریف اور مریم نواز کو پائلٹ سوک ایڈمینسٹریشن سینٹرزسے متعلق بریفنگ دی گئی

اس موقع پر میاں نواز شریف اور مریم نواز کو بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ قانون کی خلاف ورزی پر سینٹرز کو جرمانے کرنے کا اختیار بھی ہو گا۔ ان سینٹرز سے پولیس پر کام کے دباؤ کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور فوری انصاف فراہم کیا جا سکے گا۔

اجلاس میں پرائس کنٹرول ، انوائرمنٹل قوانین کی خلاف ورزی، فورسٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ، لیبر قوانین، ڈینگی اور تجاوزات جیسے معاملات نئے شعبے کے سپرد کرنے کی تجویزبھی زیر غور لائی گئی۔

پرائس کنٹرول کا کوئی میکانزم نہیں، باقاعدہ محکمہ ہونا چاہیے، مریم نواز شریف

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول کا کوئی میکانزم نہیں ہے اس لیے محکموں کی استعدادِ کار بڑھائی جائے۔ پرائس کنٹرول اور ویسٹ مینجمنٹ کے لیے تمام اضلاع میں نئے نظام کی ضرورت ہے۔ پرائس کنٹرول کے لیے ایک باقاعدہ محکمہ ہونا چاہیے جو 12 مہینے قیمتوں کو کنٹرول کرے ۔

اجلاس میں سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خوراک بلال یٰسین، وزیر زراعت  سید عاشق حسین، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، ایس ایم بی آر اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp