کراچی میں لوگ میچ دیکھنے کیوں نہیں آئے، میرے لیے بھی معمہ ہے، چیئرمین پی سی بی

منگل 19 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کراچی میں پی ایس ایل میچز کے دوران لوگ اسٹیڈیم کیوں نہیں آئے، یہ میرے کے لیے بہت بڑا معمہ ہے،  پی سی بی مستقبل میں اس کا حل تلاش کرے گا۔

چیئرمین پی سی بی اور وزیر داخلہ محسن نقوی پی ایس ایل کا فائنل معرکہ دیکھنے نیشنل بینک اسٹیڈیم پہنچے،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل کے راولپنڈی اور لاہور میں میچر کے دوران اسٹیڈیم شائقین سے بھرے ہوئے تھے،یہ خوشی کی بات ہے۔

’واحد کراچی اسٹیڈیم ہے جو شائقین سے نہیں بھرتا تھا، راولپنڈی اور لاہور کے اسٹیڈیم 98 فیصد بھرے ہوتے تھے۔‘

’چیمیئن ٹرافی پاکستان میں ہوگی‘

محسن نقوی نے کہا کہ امید ہے آنے والی چیمپیئن ٹرافی پاکستان میں ہوگی۔ چیمپیئن ٹرافی میں کراچی اسٹیڈیم کی صورتحال کچھ اور نظر آئے گی، اس اسٹیڈیم کی تعمیری خرابیاں ٹھیک کریں گے، 3 سینٹرز کو اپ گریڈ کر رہے ہیں، امید ہے کراچی،لاہور اور اسلام آباد کے وینیوز تیار ہوجائیں گے،چیمپیئن ٹرافی کی پوری تیاری ہے۔ مزید براں انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ایک ہفتے میں غیرملکی کوچ کا معاملہ حل ہو جائے گا۔

یہ ایک معمہ ہے کہ کراچی اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد کم کیوں رہی

چیئرمین پی سی بی نے کہا پی ایس ایل کے ملتان میں میچز کے دوران بھی اسٹیڈیم شائقین سے بھرا ہوتا تھا، کراچی میں لوگ اسٹیڈیم کیوں نہیں آتے، یہ میرے لیے بھی بہت بڑا معمہ ہے، مارکیٹنگ اتنی ہی ہوئی ہے جتنی دیگر اسٹیڈیم کے لیے ہوئی ہے، مسئلہ کہاں اور کدھر ہوا، خود اس کی نشاندہی کروں گا۔

’میں نے پی ایس ایل کے سیکیورٹی انچارج کو کراچی بھیجا۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور کی نسبت کراچی میں لوگوں کو اسٹیڈیم تک پہنچنے کے لیے کم چلنا پڑرہا تھا، سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں تھا، لیکن میرے لیے حیران کن بات ہے کہ باقی اسٹیڈیمز میں لوگ بڑی تعداد میں آرہے تھے لیکن کراچی میں بالکل مختلف صورتحال رہی۔‘

پچز کی تیاری کے لیے مٹی آسٹریلیا اور انگلینڈ سے آئے گی

’ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5 پچز بنائیں گے، ایک پچ ایسی ہوگی جس کے لیے مٹی آسٹریلیا سے آئے گی اور وہ آسٹریلیا کے اسٹائل کی پچ ہوگی، ایک پچ کے لیے مٹی انگلینڈ سے آئے گی اور وہ صرف انگلینڈ کے اسٹائل کی پچ ہوگی، جس کنڈیشن میں کھلاڑیوں نے کھیلنا ہے، اسی کنڈیشن کے تحت پچز بنائی جائیں گے، مقامی پچز کو بھی بہتر کیا جائے گا۔‘

غیر ملکی کوچز کا معاملہ ایک ہفتے میں حل ہوجائے گا

محسن نقوی نے کہا کہ کپتان کی تعیناتی سلیکشن کمیٹی کرے گی، سلیکشن کمیٹی میں تبدیلیاں لاؤں گا، کمیٹی کو بااختیار کریں گے اور وہی جوابدہ ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ میچز کروانا صرف مقصد نہیں، ہمیں لڑکوں کو آگے لانا ہے، ملک کی بہتری کے لیے ہر ممکن کام کرنے کی کوشش کریں گے، میں ایک ساتھ دونوں عہدوں کو رکھنے کو تیار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کے 11 کھلاڑی ہیں اور بورڈ میں 900 بندے ہیں، کسی کو نوکری سے نکالنا نہیں چاہتا لیکن ہم نے پیسے بھی بچانے ہیں، پچھلے سال ہم نے2700 ڈومیسٹک میچ کروائے، ہمارا ہدف اگلے 4 ماہ میں 9 ہزار میچ کروانا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp