عمران خان کے سابق برادر نسبتی زیک گولڈ سمتھ پر گزشتہ 9 ماہ میں 7 بار تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے پکڑے جانے پر ایک سال کے لیے ڈرائیونگ کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق سابق وزیر ماحولیات زیک گولڈ سمتھ کو 2023 میں متعدد بار الیکٹرک گاڑی میں تیز رفتاری سے چلتے ہوئے پکڑا گیا تھا۔ 48 سالہ زیک گولڈ سمتھ کو اپریل اور اگست 2023 کے درمیان پیڈنگٹن، چیلسی اور ٹوکنہیم کی سڑکوں پر ہائبرڈ الیکٹرک ووکس ویگن گالف میں رفتار کی حد سے تجاوز کرنے سمیت جرائم پر پابندی عائد کی گئی تھی۔
ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت نے سماعت کے دوران 2 موٹرویز پر بھی تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے بھی پکڑے جانے کا انکشاف کیا تھا۔ عدالتی دستاویزات کے مطابق، 27 اپریل 2023 کو، وہ 29 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چیلسی بینڈ کے ساتھ سفر کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے، حالانکہ حد رفتار 20 میل فی گھنٹہ تھی۔
مزید پڑھیں
صرف ایک ماہ بعد ، 31 مئی کو ٹوکنہیم میں 46 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلائی، جہاں حد رفتار 40 میل فی گھنٹہ ہے۔ وہ 3 اگست کو اسی سڑک پر 47 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے بھی پکڑے گئے تھے۔
اگست کے واقعے سے ایک ماہ قبل 18 جولائی کو لارڈ گولڈ اسمتھ نے کینسنگٹن گارڈنز کے قریب بیس واٹر روڈ پر 28 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے سفر کرتے ہوئے 20 میل فی گھنٹہ کی حد عبور کی تھی۔
انہیں دسمبر میں ایم 3 کے ساتھ ایم 25 چوراہے پر 50 میل فی گھنٹہ کے زون میں 62 میل فی گھنٹہ اور ستمبر میں ایم 4 کے جنکشن 20 اور 19 کے درمیان 73 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلاتے ہوئے بھی پکڑا گیا تھا۔
زیک گولڈ اسمتھ کے وکیل بینجمن ویدھوفر نے ان کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے شخص نہیں جو حدِ رفتار کی کھلم کھلا خلاف ورزی کر رہے ہوں۔ تاہم جرائم کا اعتراف کرنے کے بعد انہیں 5500 پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا اور 2000 پاؤنڈ سرچارج ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ زیک گولڈ اسمتھ نے 2016 میں لندن کے میئر کے لیے لیبر پارٹی کے امیدوار صادق خان کے خلاف انتخاب لڑا تھا لیکن وہ ناکام رہے تھے۔ انہوں نے بورس جانسن کی حکومت میں وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں جب انہیں رچمنڈ پارک کے بیرن گولڈ سمتھ کے طور پر ہاؤس آف لارڈز میں ترقی دی گئی تھی۔ لیکن بعد میں انہوں نے جون 2023 میں رشی سونک کی حکومت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔