آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے جدہ میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی تذویراتی تعلقات اور تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی عرب کے سرکاری دورے پر گئے آرمی چیف نے سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان، سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمد الرویلی، سعودی معاون وزیردفاع طلال عبداللہ العتیبی سمیت اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف اور سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمد الرویلی کے درمیان ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی، دفاعی اور سیکیورٹی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تاریخی برادرانہ اور مضبوط تعلقات ہیں،دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، انہوں نے پاک سعودی دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب مستقبل میں بھی ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، آرمی چیف نے پاکستان کے لیے گرم جوشی کے جذبات اور حمایت پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔