پریشان تھا کہ روزہ کیسے رکھ سکوں گا، اب یہ معاملہ آسان ہوگیا: بھارتی اداکار ویوین ڈیسینا

بدھ 20 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی اداکار ویوین ڈیسینا نے کہا کہ انہوں نے رمضان میں اسلام قبول کیا، اس لیے رمضان کا مہینہ ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس رمضان میں ابھی تک انہوں نے سارے روزے رکھے ہیں اور اللہ کے کرم سے ہر سال مکمل روزے رکھتے ہیں، صرف اس صورت میں کہ جب وہ بیمار ہوں تو روزہ ترک کردیتے ہیں، جس کی اسلام بھی اجازت دیتا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکار ویوین ڈیسینا نے مسلم خاتون نوران علی سے شادی کررکھی ہے، ایک سال پہلے رمضان میں ہی اسلام قبول کرنے کے بعد ویوین باقاعدگی سے رمضان کے روزے رکھتے ہیں اور عبادات کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ کوشش کرتے ہیں کہ رمضان میں اپنا زیادہ تر وقت اپنے خاندان کے ساتھ بحرین ہی میں گزاریں۔

ویوین نے بتایا کہ وہ اس بات سے انکار نہیں کرتے کہ شروع میں وہ روزہ رکھنے پر بہت پریشان تھے، کیونکہ وہ دن بھر پانی اور کافی پیتے رہتے تھے جو ان کے لیے ضروری تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے اہل خانہ اور دوست بھی یہ سوچتے رہے کہ 13 یا 14 گھنٹے تک پانی یا کیفین کے بغیر کیسے رہ سکوں گا، لیکن خدا نے اتنی ہمت دی کہ یہ معاملہ بہت ہی آسان ہوگیا اور روزہ رکھنا کوئی مشکل کام نہیں لگا۔

ویوین ڈیسینا نے بتایا کہ انہوں نے ٹھیک ایک سال قبل اسلام قبول کیا، اور یہی وجہ ہے کہ رمضان ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان کے پورے مہینے کے روزے ہم سب پر فرض ہیں کیونکہ یہ اسلام کے بنیادی 5 ستونوں میں سے ایک ہے۔

جب ویوین سے ان کے پسندیدہ کھانوں کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کو ہر قسم سے کھانے پسند ہیں، خاص طور پر گھر میں پکا ہوا کھانا اور مٹھائیاں ان کو زیادہ پسند ہیں۔ ان نے مزید بتایا اور اللہ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کو ایک ایسی بیوی ملی ہے جو رمضان کے ہر دن کو فوڈ فیسٹیول بناتی ہے، اب تو مختلف پکوانوں کا ذائقہ اور تجربہ حاصل ہوچکا ہے، لیکن اگر انتخاب کرنا ہوگا تو ’باسبوصہ اور کنافہ‘ کا ہی کروں گا۔

واضح رہے ویوین نے مصری جرنسلٹ نوران علی سے شادی کی، جس کے بعد انہوں نے بحرین میں ہی رہائش اختیار کر لی ہے لیکن ممبئی میں اگر ان کو کوئی پراجیکٹ مل جاتا ہے تو وہ اپنی مکمل دستیابی ظاہر کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp