پنجاب میں ’دستک‘ ایپ کے ذریعے شہریوں کو گھر کی دہلیز پر کون سی سروسز فراہم کی جائیں گی؟

بدھ 20 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کو گھروں تک سروسز فراہم کرنے کے لیے ’دستک ایپ‘ اور کال سروس  شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

مزید پڑھیں

تفصیلات کے مطابق، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کے زیر صدارت ’دستک پروگرام‘ کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس پروگرام کے پہلے مرحلے میں لاہور کے عوام کو ان کے گھروں پر لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کی 10 سروسز فراہم کی جائیں گی۔ عوام بتدریج سرکاری محکموں کی 100 سے زائد سروسز آن لائن یا کال کرکے حاصل کرسکیں گے۔

شہری 1202 پر کال کرکے یا دستک ایپلیکیشن کے ذریعے مطلوبہ سروس حاصل کر سکیں گے۔ دستک کا رائیڈر متعلقہ شہری کے گھر پہنچے گا اور مطلوبہ سروس فراہم کی جائے گی۔

کون سی خدمات حاصل کی جاسکیں گی؟

اس سروس کے ذریعے شہری پیدائش، وفات، طلاق اور شادی کے سرٹیفکیٹس کے علاوہ ڈومیسائل، ای اسٹیمپ، وہیکل رجسٹریشن، وہیکل ٹرانسفر، ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس سروسز اپنے گھر کی دہلیز پر حاصل کر سکیں گے۔

اگلے مرحلے میں کیریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس ویریفیکیشن، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ایف آئی آر کی کاپی، ڈپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس اور کرایہ دار کی رجسٹریشن کی سروسز گھر کی دہلیز پر فراہم کی جائے گی۔

خدمات کے فراہمی کے لیے مخصوص رائیڈرز سرکاری محکموں کی سروس شہریوں کے گھروں پر مہیا کریں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رائیڈرز کی فوری رجسٹریشن اور ٹریننگ شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت عوام کی سہولت اور گڈ گورننس کو ہر حال میں یقینی بنائے گی۔ انہوں نے ضلعی اور انتظامی محکموں کو جلد از جلد ’دستک‘ سروسز مہیا کے لیے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔

مستقبل میں 100 سے زائد سروسز دستک کے ذریعے فراہم کی جائیں گی اور اس سروس کے ذریعے 50 ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp