امیر بالاج قتل کیس میں نئی پیشرفت، پولیس نے گرفتار ملزم سے متعلق عدالت کو کیا بتایا؟

بدھ 20 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور کی ضلعی عدالت نے امیر بالاج ٹیپو قتل کیس میں گرفتار ایک اور ملزم کا 5  روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے۔

لاہور پولیس کے آرگنائزڈ کرائم یونٹ نے ملزم سہیل کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا، جہاں تفتیشی پولیس افسر نے عدالت سے ملزم کے 5 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزم سے تفتیش درکار ہے کیونکہ اس قتل کیس میں ملوث دیگر سہولت کار گرفتار کرنا ہیں۔

تفتیشی پولیس افسر کے مطابق ملزم سہیل نے احسن شاہ کی ملاقات طیفی بٹ سے کروائی تھی، جو امیر بالاج ٹیپو کے قتل میں نامزد مرکزی ملزم ہے، عدالت نے ملزم سہیل کو 5 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق اب گرفتار کیے گئے ملزمان میں احسن شاہ، ملک سہیل، مزمل، احمد، ہارون اور علی اصغر شامل ہیں، جن سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ 18 فروری کو لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سابق ڈی ایس پی اکبر اقبال کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں حملہ آوروں نے فائرنگ کر کے ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کو قتل کر دیا تھا۔

دوسری طرف پولیس کے مطابق امیر بالاج پر فائرنگ کےدوران ہلاک ہونیوالے مبینہ حملہ آور کی شناخت مظفر کے نام سے ہوئی تھی، جو شیخوپورہ کا رہائشی تھا اور امیر بالاج پرفائرنگ کے دوران ہی مارا گیا تھا۔

چوہنگ پولیس کے مطابق ٹیپو ٹرکاں والا کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کا مقدمہ ان کے بھائی امیر مصعب کی مدعیت میں خواجہ تعریف عرف طیفی بٹ، اس کےکزن خواجہ عقیل گوگی بٹ اور 4 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا تھا، قتل کےمقدمے میں 302 سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp