وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف نے معاشی اصلاحات کے نفاذ کی خود نگرانی کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ معیشت کی بہتری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی معیشت کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا احسن اقبال، محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احد خان چیمہ، عطااللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک اور دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی معیشت کے مختلف شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں برآمدات میں اضافے، بجلی کے شعبے کی ترقی، محصولات میں اضافے، صنعتی ترقی کے حوالے سے تجاویز دیتے ہوئے ایک جامع روڈ میپ پیش کیا گیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ ملکی معیشت کے استحکام و ترقی کے لیے بین الاقوامی ماہرین اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشاورتی عمل کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورتی اجلاسوں کی خود صدارت کروں گا۔
برآمدات کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدی صنعت کو تمام سہولیات یقینی بنائیں گے
وزیرِاعظم نے کہاکہ برآمدات کی عالمی منڈی تک رسائی اور برآمدی صنعت کو تمام سہولیات یقینی بنائیں گے، جبکہ مزید ٹیکس کے بجائے ٹیکس نیٹ بڑھانے سے محصولات میں اضافہ کریں گے، پاکستان میں چھوٹے، درمیانے اور بڑے پیمانے کی صنعت کو ترقی دیں گے۔
وزیرِاعظم نے معیشت کے شعبوں کی مرحلہ وار اصلاحات پر رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملکی درآمدی پالیسی میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات بڑھانے کو کلیدی اہمیت دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کے شعبے کی موجودہ استعداد کو بروئے کار لانے کے لیے جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
نوجوانوں کو جدید اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ علم و ہنر سے لیس کرنے کا اعلان
انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کو جدید اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ علم و ہنر سے لیس کریں گے۔
وزیرِاعظم نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے اجرا کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے کہاکہ پاکستان میں برآمدی شعبے کی وسیع استعداد سے فائدہ اٹھانے کے لیے بین الاقوامی ماہرین کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔
وزیرِاعظم نے ملکی معیشت کے شعبوں کی مرحلہ وار اصلاحات پر رپورٹ مرتب کرکے پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔