راولپنڈی میں 21 اور 22 مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ کے موقع پر 2 تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
گیریژن سٹی کی ضلعی انتظامیہ نے یوم پاکستان پریڈ کے موقعے پر راولپنڈی شہر اور کنٹونمنٹ کے علاقوں میں تعطیل کا اعلان کیا۔
ایک نوٹیفکیشن میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے کہا کہ ضلعی انٹیلیجنس کمیٹی کی درخواست کی بنیاد پر 2 چھٹیوں کا اعلان کیا گیا ہے جس دوران تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے۔

تاہم ڈی سی نے واضح کیا کہ نوٹیفکیشن سے BISE راولپنڈی کے 9ویں جماعت کے امتحانات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی فوج اور دوست ممالک کی افواج مشترکہ فوجی پریڈ کا انعقاد کرنے والی ہیں جو کہ دارالحکومت میں ہونے والی سالانہ تقریب ہے اور اس سال چینی مسلح افواج سمیت متعدد غیر ملکی افواج بھی سالانہ فوجی پریڈ میں حصہ لیں گی۔
سعودی عربیہ سمیت دیگر ممالک کے فوجی دستے اس سے قبل پریڈ میں شامل ہو چکے ہیں۔ یوم پاکستان کی پریڈ کی تیاریاں گزشتہ ماہ شروع ہوگئی تھیں۔
تقریب میں اعلیٰ حکومتی اور فوجی حکام کے علاوہ غیر ملکی معززین کی شرکت بھی متوقع ہے۔