رمضان 29 یا 30 دن کا، عید کب ہوگی؟

جمعرات 21 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مسلم دنیا میں رمضان اور شوال کے چاند کی ایک جھلک دیکھنے کو ہر مسلمان بے تاب ہوتا ہے، تاہم پاکستان میں رمضان اور عید کا چاند ہمیشہ سے ہی ایک ‘اختلافی مسئلہ’ رہا ہے۔

یوں تو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد ہی ملک میں رمضان اور عید منائی جاتی ہے مگر خیبر پختونخوا سے اکثر کمیٹی کے اعلان کے برعکس ایک دن پہلے رمضان اور شوال کے چاند کی شہادتیں سامنے آجاتی ہیں۔

تاہم گزشتہ چند برسوں سے، خاص طور پر مفتی عبد الخبیر آزاد کی بحیثیت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تعیناتی کے بعد، خیبر پختونخوا میں بھی رمضان اور عید کے چاند سے متعلق اختلافات ختم ہو گئے ہیں۔

عید کب ہوگی؟

2019 میں چاند کے مسئلے کا سائنسی حل پیش کرنے کے لیے اس وقت کے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اگلے 5 سال کا قمری کیلنڈر متعارف کرایا تھا، یہ کیلنڈر رمضان اور عید کے معاملے میں ایک بار بھی غلط ثابت نہیں ہوا، اس مرتبہ بھی رمضان کا آغاز اسی کیلنڈر کی بتائی گئی تاریخ کے مطابق ہوا ہے۔

اسی قمری کیلنڈر کے مطابق اس بار رمضان کا مہینہ 29 دنوں پر مشتمل ہو گا اور عید یعنی یکم شوال مورخہ 10 اپریل بروز بدھ ہو گی۔

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر جنرل صاحبزاد خان نے بھی اسی قمری کیلنڈر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس بار رمضان کے 29 روزے ہوں گے اور عید الفطر متوقع طور پر 10 اپریل ہو گی۔ ’محکمہ موسمیات کے سائنسی تجزیے کے مطابق شوال کا چاند 29 رمضان کی شام کو نظر آنے کے امکانات ہیں۔‘

100 سال پرانا کیلنڈر

عید کی پیش گوئیوں میں سوشل میڈیا بھی کسی سے پیچھے نہیں جہاں ایک 100 سالہ قدیمی کیلنڈر گزشتہ کئی دنوں سے گردش کر رہا ہے، یہ کیلنڈر 1981 سے 2077 تک بتا رہا ہے کہ پاک و ہند میں عید الفطر کس دن ہو گی۔

اس کیلنڈر کے مطابق بھی رواں ماہِ رمضان 29 دنوں کا ہو گا اور عید 10 اپریل 2024 کو ہو گی، سوشل میڈیا صارفین اور کئی میڈیا اداروں کا دعویٰ ہے کہ یہ 100 سالہ کیلنڈر بھی کبھی غلط ثابت نہیں ہوا ہے۔

عید کی چھٹیاں کتنی ہوں گی؟

عید کب ہوگی، اس کا حتمی اعلان تو مرکزی رویت ہلال کمیٹی شوال کا چاند دیکھنے کے بعد کرے گی لیکن اگر مذکورہ 3 ذرائع کی پیش گوئیاں درست ثابت ہو تی ہیں تو ملک میں عید کی نسبتاً طویل چھٹیاں متوقع ہیں۔

چونکہ عام طور پرعید کی چھٹیوں کا آغاز عید سے ایک روز قبل ہوتا ہے لہذا اگر 10 اپریل بروز بدھ کو عید ہوتی ہے تو عید کی چھٹیاں منگل سے شروع ہوں گی، اس صورت میں حکومت کی جانب سے منگل سے جمعہ تک 4 چھٹیاں دی گئیں تو ویک اینڈ ملا کر کل 6 چھٹیاں بن جائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp