’آؤ آؤ، بچے پیدا کرکےلاکھوں کماؤ‘،کمپنی کی عجیب آفر نے لوگوں کو چونکادیا

جمعرات 21 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کسی بھی خاتون کے لیے ماں بننا اس کی زندگی کا سب سے خاص تجربہ ہوتا ہے۔ یہ اسے نہ صرف جسمانی بلکہ جذباتی اور ذہنی طور پر بھی کافی متاثر کرتا ہے۔ ذرا سوچیے کہ اگر اس تجربے اور اس عمل کو بھی کاروبار بنا دیا جائے  تو دیکھنے اور سننے  والوں  کو حیرانگی تو ضرور ہو گی۔ ایسا ہی کچھ  ہمارے پڑوسی ملک چین میں بھی ہو رہا ہے۔ یہاں خواتین کو کھلے عام سروگیٹ بننے کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

سروگیٹ مائیں

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں موجود ایک کمپنی انتہائی عجیب و غریب آفر دے رہی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کی پیشکش کے تحت 28 سے 29 سال کی کوئی بھی خاتون بچے کو جنم دے کر پیسے کما سکتی ہے۔

یہ ایک طرح کا تجارتی اشتہار ہے، جو خواتین کو بچے پیدا کر کے پیسے کمانے کی ترغیب دے رہا ہے۔ چین کے صوبے ہینان میں موجود Huchen Housekeeping نے پیشکش کی جارہی ہے کہ خواتین سروگیٹ مائیں بن کر پیسے کما سکتی ہیں۔

یہی نہیں ان کی عمر کے حساب سے پیکج بھی دیا جا رہا ہے۔ اگر 28 سالہ خاتون ماں بنتی ہے تو اسے 220,000 یوآن یعنی 25,23,783 روپے اور اگر 29 سال کی خاتون بچے کو جنم دیتی ہے تو اسے 210,000 یوآن یعنی 24,19,057 روپے دیے جائیں گے۔

اسی طرح خاتون جتنی بڑی ہوگی، اسے بچے کو جنم دینے کے پیسے اتنے ہی کم ملیں گے۔ اگر کوئی یہ کام 40-42 سال میں کرنا چاہتا ہے تو کمپنی اسے 20 لاکھ روپے کی پیشکش کر رہی ہے۔

چھان بین

 جب کمپنی سےمقامی میڈیا نے بات کی تو اس نے بتایا کہ ان کا کام شنیانگ اور شنگھائی میں چل رہا ہے۔ یہی نہیں اس نے بتایا کہ رقم کا فیصلہ بھی مؤکل کی مرضی کے مطابق ہوتا ہے۔ جیسے ہی یہ اشتہار حکام کے علم میں آیا تو انہوں نے اس کی چھان بین شروع کردی، کیونکہ چین میں ایسا کرنا غیر قانونی ہے۔

سوشل میڈیا پر ردعمل

سوشل میڈیا پر بھی لوگوں نے اس پر ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے انسانی اسمگلنگ کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp