زمان پارک میں ہنگامہ آرائی کے الزامات پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور دیگر پارٹی قائدین کے خلاف لاہور کے تھانہ ریس کورس میں دہشت گردی سمیت 20 دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق تحریک انصاف کے قائدین اورسینکڑوں کارکنوں نے عمران خان کی ایما پر سنگین جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ عمران خان اور ساتھیوں پر مجرمانہ سازش کی دفعہ بھی عائد کی گئی ہے۔
ایس ایچ او ریس کورس ریحان انور کی مدعیت میں درج مقدمہ میں دہشت گردی سمیت 20 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ۔ ایف آئی آر کے مطابق مقدمہ میں بلوہ، سمن وصولی سے انکار سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان عوام کے لئے مشکلات اور پریشانی پیدا کرنے کے سبب بنے لہذا ان کے خلاف مقدمہ میں کار سرکار میں مداخلت کی دفعہ بھی شامل کی گئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کارکنوں نے نہ صرف سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا بلکہ ان کے حملوں میں ڈی آئی جی اسلام آباد سمیت متعدد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔