وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں مینڈیٹ چوری ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں بننے والی حکومت غیر آئینی ہے۔
ضمانت منظور ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائفر آنے کی تصدیق اس وقت کے سفیر نے بھی کی، مداخلت تھی یا سازش غیرت مند پاکستانی ہونے کے ناتے برداشت نہیں۔ ڈونلڈ لو نے جھوٹا بیان دیا اس پر اسد مجید کو بلایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو اس پر سزا ہوئی، اگر سائفر تھا نہیں تو پھر بانی پی ٹی آئی کو غلط سزا ہوئی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہم نے کے پی میں ہیلتھ کارڈ شروع کیا ہے، وفاقی حکومت نے ہمارے پیسے دینے ہیں جو ہمارا حق ہے۔ مینڈیٹ چوری ہوا ہے، حکومت غیر آئنی ہے، فارم 45 اور 47 تبدیل کیے گئے ،حکومت کو نہیں مانتے، چوری کے مینڈیٹ والی حکومت کیا ڈلیور کرے گی۔
مزید پڑھیں
قبل ازیں اسلام آباد کی مقامی عدالتوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے تھانہ بنی گالہ اور تھانہ گولڑہ میں درج جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ سے متعلق 2 مقدمات میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے ہیں۔
سینیئر سول جج قدرت اللہ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے میں وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت علی امین گنڈاپور اپنے وکیل راجا ظہور الحسن کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔
وکیل راجا ظہور الحسن نے مؤقف اپنایا کہ الیکشن مصروفیات کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہو سکے، آج پیش ہوگئے ہیں۔ وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے جائیں۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
وکیل راجا ظہور الحسن کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ علی امین گنڈاپور کو آئندہ سماعت کے لیے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے جس پر جج قدرت اللہ نے ریمارکس دیے کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کر دیں، اس کو دیکھ لیتے ہیں، عدالت نے علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ بنی گالہ میں درج مقدمے پر سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی۔
بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں ایڈیشنل سیشن جج عبد الغفور کاکڑ کی عدالت میں پیش ہوئے۔ وکیل کی جانب سے تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے میں بھی علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیے اور تھانہ گولڑہ میں درج مقدمے کی سماعت بھی 17 اپریل تک ملتوی کردی۔