پاکستان کے ایک بڑے ڈیجیٹل آپریٹر جاز نے ملک کو درپیش مشکل معاشی حالات کے باوجود سال 2023 میں 37 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جس سے اس کی مجموعی سرمایہ کاری 10.6 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔
مزید پڑھیں
اس سرمایہ کاری کا مقصد پاکستان میں ڈیٹا کی بڑھتی ہوئی طلب میں معاونت فراہم کرنا اور فن ٹیک، کلاؤڈ سروسز اور ڈیٹا اینالیٹکس سمیت اہم شعبوں میں ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مضبوط کرنا ہے۔
جاز کی مقامی کرنسی میں مجموعی آمدنی میں سالانہ بنیاد پر 20 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا تاہم پاکستانی روپے کی قدر میں کمی کی وجہ سے مالی سال 2023 کے دوران امریکی ڈالر میں آمدن میں 12.9 فیصد کمی ہوئی۔
علاوہ ازیں سود کی بلند شرح اور نیٹ ورک انرجی کی لاگتوں میں اضافے کی بدولت کاروباری اخراجات میں غیر معمولی اضافے کا مارجن پر اثر پڑا۔
ڈیجیٹل آپریٹر کے طور پر گزشتہ سال کے دوران کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری کا بڑا حصہ ایک ہزار کے قریب نئی فور جی سائٹس کو نیٹ ورک میں شامل کرنے پر لگایا گیا جو صارفین کے لیے خدمت کے معیار میں مسلسل بہتری کے لیے کمپنی کے عزم کا عکاس ہے۔
دسمبر 2023 تک صارفین کی تعداد 6.70 ملین تک ہوگئی تھی
نیٹ ورک میں توسیع سے جاز کے 4 جی صارفین میں 43.9 ملین اضافہ ہوا جبکہ دسمبر 2023 تک کمپنی کے مجموعی صارفین کی تعداد 70.6 ملین تک پہنچ گئی۔
اس کے علاوہ 22 ملین سے زائد وائس اوور ایل ٹی ای کے یومیہ فعال صارفین کے ساتھ جاز خطے میں وائس اوور ایل ٹی ای کا سب سے بڑا نیٹ ورک بنا۔
دوسری طرف جاز فائی سے صارفین وائی فائی کنکشن پر ایسے علاقوں سے جہاں انٹرنیٹ محدود یا دستیاب نہیں کال اور ٹیکسٹ کرسکتے ہیں۔
اس سروس کے آغاز ہی میں 3 ملین سے زائد صارفین اس سروس سے مستفید ہوئے۔ سہ ماہی کے دوران جاز کی ڈیجیٹل خدمات کی حوصلہ افزا کارکردگی نے ملک کے سب سے بڑے ڈیجیٹل آپریٹر کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔
جاز کیش صارفین میں خواتین 30 فیصد
پاکستان کے بڑے فن ٹیک جاز کیش کے صارفین کی تعداد 44 ملین تک پہنچ گئی جس میں 30 فیصد خواتین کی نمائندگی ہے۔
جاز کیش نے سنہ 2023 کے دوران 5.8 ٹریلین کی گراس ٹرانزیکشن ویلیو کی وجہ سے آمدن میں سالانہ بنیادوں پر82 فیصد اضافہ حاصل کیا۔
30,000 مرچنٹس اور 24,000 ایجنٹس پر مشتمل جاز کیش کے وسیع نیٹ ورک نے ادائیگی/قرض فراہمی کی خدمات کو ڈیجیٹلائزیشن میں سہولت فراہم کی جس سے پاکستان کے مالیاتی منظر نامے میں موثر تبدیلی آئی۔
تفریحی پلیٹ فارم ’تماشا‘
اسی طرح 2023 میں پاکستان کے سب سے بڑے تفریحی پلیٹ فارم تماشا کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 11 ملین تک پہنچ گئی۔
پاکستان میں ایشا کپ، کرکٹ ورلڈ کپ جیسے کھیلوں کے بڑے مقابلے سب سے زیادہ تماشا ایپ پر دیکھے گئے۔
آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے دوران تماشا گوگل پر پاکستان میں ٹیکنالوجی کے لحاظ سے تلاش کیے جانے والا دوسرا لفظ رہا جبکہ تماشا ایپ گوگل پلے پر تمام کیٹیگریوں میں سر فہرست رہی۔
اسی طرح جاز کے کلاؤڈ پلیٹ فارم گرج نے بھی 2023 میں قابل ذکر نمو حاصل کی۔
جس میں جدید ترین کلاؤڈ اور سائیبر سیکیورٹی کے ساتھ 100 سے زائد کاروباری اداروں کو فعال کرنا شامل ہے۔
سی ای او جاز
جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے اپنے خیالات کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈیجیٹل آپریٹر اسٹرٹیجی کے تحت ہم ایک جامع پالیسی پر عمل پیرا ہیں جس میں بالخصوص نیم شہری اور دیہی علاقوں میں مستقل سرمایہ کاری کے ساتھ فور جی نیٹ ورک کی توسیع اوراس کی صلاحیت میں اضافہ، ڈیجیٹل سروسز پورٹ فولیو کو مضبوط بنانا تاکہ راکس اور تماشا جیسے پلیٹ فارمز کے ساتھ صارفین کو ڈیجیٹل لائف اسٹائل پارٹنر کے طورپر خدمات فراہم کی جاسکیں۔
عامر ابراہیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 برسوں میں انڈسٹری کی 4 جی کی سبسکرپشن میں سے جاز کی سبسکرپشن تقریباً ایک چوتھائی رہی، یہ حقیقت اورہمارے تمام پلیٹ فارمز کا بڑھتا ہوا استعمال صارفین پر مبنی ہمارے کاروباری ماڈل کی توثیق کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمپنی اپنے فور جی نیٹ ورک میں توسیع اور اس کی صلاحیت میں اضافہ اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کے فروغ کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔
کمپنی سی ای او نے کہا کہ کاروباری لاگتوں میں خطرناک حد تک اضافہ کی وجہ سے ٹیلی کام انڈسٹری کی مالی پوزیشن پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیلی کام لائسنس فیس کی امریکی ڈالر میں ادائیگی کی پالیسی پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اس شعبے کی پائیداری کا تحفظ اور پاکستان کی ترقی کے لیے ضروری ڈیجیٹل کنیکٹوٹی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔