ملک بھرمیں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ میں صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوئے۔ یوم پاکستان کی مناسبت سے آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
یوم پاکستان 23 مارچ، ترقی، امن اور خوشحالی کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔ اس موقع پر صدر پاکستان اور وزیر اعظم سمیت دیگر قائدین نے اپنے پیغامات شیئر کیے۔ یوم پاکستان کی مرکزی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانےسے ہوا۔
صبح سویرے اسلام آباد کے شکرپڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان رینجرز کے دستوں نے رینجرز ایگزی بیشن ڈرل کا شاندار مظاہرہ کیا، ڈرل کے دوران رینجرز کے دستوں نے ذہنی وجسمانی صلاحیتوں کو شاندار انداز میں شرکاء کے سامنے پیش کیا۔
آرمی اسکول آف میوزک کے دستے نے بھی سولو ڈرم کا مظاہرہ کر کے دیکھنے والوں پر سحرطاری کر دیا۔
صدر مملکت آصف علی زداری نے مسلح افواج کی مشترکہ مرکزی پریڈ کا معائنہ کیا
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت دیگر مہمان پریڈ میں شریک رہے۔ صدر مملکت آصف زرداری نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ پریڈ میں شریک تمام فورسز نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
یوم پاکستان تقریب کے مہمان خصوصی سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن عبدالعزیز بھی مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ دیکھنے کے لیے اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ پہنچ چکے ہیں۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف کا پیغام
یوم پاکستان پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کوعبور کریں گے، پوری قوم جمہوریت، انصاف اور مساوات کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کریں اور ہم کشمیریوں کو ہرقسم کی اخلاقی اور سفارتی مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے معاشی بحالی اور خوشحالی کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے ملک کے معاشی مسائل میں بہتری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقدامات سے معاشی استحکام آئے گا اور ہم مہنگائی کی موجودہ لہر پر قابو پالیں گے۔
یوم پاکستان پر عسکری قیادت کی جانب سے پاک فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، بری فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر، بحری فوج کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قوم کو مبارکباد پیش کی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ دن برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم کاوشوں کی یاد دلاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دن مسلمانوں کے الگ وطن کے لیے ہمارے عظیم رہنماؤں کے ویژن کے مطابق ہماری تقدیر کا تعین کیا گیا، یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کی عظیم قربانیوں اور خدمات کی یاد دلاتا ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع، خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتی ہے۔ پاک افواج ہر روز اپنی آزادی کی قدر اور اس کا احترام کرتے ہیں۔
تعمیرِ پاکستان کے لیے آج بھی تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ تعمیرِ پاکستان کے لیے آج بھی تحریک پاکستان والے جذبے کی ضرورت ہے۔
یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ قوم قرارداد پاکستان منظور کرنے والے مسلم لیگ کے عمائدین کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ قرارداد پاکستان کی طرح آج قرارداد ترقی پاکستان وقت کی اشد ضرورت ہے، نوجوانوں کو استحکام و ترقی کے لیے کام، کام اور کام کی قرارداد کو اپنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ ہمیں پاکستان کے عظیم بانیان کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔