یوم پاکستان: ملک کے لیے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا

ہفتہ 23 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں خصوصی تقریب جاری ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات میں اعلیٰ ترین سول اعزازات تقسیم کیے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے سیاسی میدان میں نمایاں خدمات کی انجام دہی پر سینیئر سیاستدان راجہ ظفر الحق، سابق نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کو نشان امتیاز عطا کیا ہے۔

اس کے علاوہ ایئر مارشل (ر) نجیب اختر جبکہ نیوکلیئر سائنس کے شعبے میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے حفیظ قریشی مرحوم کو بھی نشان امتیاز کیا، جو ان کی بیوہ فریدہ حفیظ نے وصول کیا۔

اس کے علاوہ صدر مملکت نے نمایاں خدمات پر سابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کو ہلال شجاعت عطا کیا۔ جبکہ ہاکی کے شعبے میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے صلاح الدین صدیقی، ادب اور شاعری کے شعبے میں خدمات پر افتخار حسین عارف کو نشان امتیاز عطا کیا۔

آصف علی زرداری نے ادب کے شعبے میں نمایاں خدمات پر معروف شاعر پروفیسر انور مسعود کو ہلال امتیاز سے نوازا جو انہوں نے خود وصول کیا۔

صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان نے بریگیڈیئر سرفراز علی (مرحوم)  کو ہلال امتیاز عطا کیا جو ان کی بیٹی عائشہ عدنان نے وصول کیا۔ اس کے علاوہ سابق چیف سیکریٹری پنجاب ناصر کھوسہ کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا گیا ہے۔

سماجی خدمات کے شعبے میں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا گیا ہے، اس کے علاوہ سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور عبدالشکور (مرحوم) کو بعد از وفات ہلال امتیاز سے نوازا گیا، ان کا اعزاز مرحوم کے صاحبزادے نے وصول کیا۔

اس کے علاوہ سابق بیوروکریٹ و سابق نگراں وزیر حکومت فواد حسن فواد، سابق وفاقی سیکریٹری قانون راجا نعیم اختر، کیپٹن (ر) زاہد سعید، سبطین فضل حلیم، زاہد اختر زمان کو بھی ہلال امتیاز دیا گیا ہے۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک طارق باجوہ، سابق معاون خصوصی وزیراعظم طارق فاطمی، لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد اکرم خان، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب، طارق محمود پاشا، جاوید اسلم، احمد عرفان اسلم بھی ہلال امتیاز وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، فیشن ڈیزائنر محمود احمد طاہر بھٹی، بریگیڈیئر عاطف رفیق، شاہد خان، راحت علی خان، پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا گیا ہے۔

آصف زرداری نے سائنس کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے پر پروفیسر ڈاکٹر شاہد محمود بیگ، پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، پروفیسر ڈاکٹر محمد عمر، پروفیسر ڈاکٹر عادل نجم، صحافی زاہد ملک (مرحوم)، بلال صدیق کمیانہ، تنویر احمد کو بھی ہلال امتیاز عطا کیا۔

آصف زرداری نے معروف اینکرپرسن سہیل وڑائچ کو شعبہ صحافت میں نمایاں خدمات پر صدارتی اعزاز برائے حسنِ کارکردگی سے نوازا۔

آصف زرداری نے ڈائریکٹر جنرل قطر فنڈ برائے ترقی خلفیہ جاسم الکواری، سعودی ترقیاتی فنڈ (ایس ایف ڈی) کے چیف ایگزیکیٹو افسر سلطان بن عبدالرحمٰن المرشد، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی کو ہلال قائداعظم کا اعزاز عطا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp