حارث رؤف کا کنٹریکٹ بحال، سلیکشن کمیٹی کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا: محسن نقوی

اتوار 24 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی اب 7 افراد پر مشتمل ہوگی، نئی چیز یہ ہے کہ اب سلیکشن کمیٹی میں کوئی چیئرمین نہیں ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کی از سر نو تنظیم کی ہے، سلیکشن کمیٹی میں محمد یوسف، وہاب ریاض، عبدالرزاق، اسد شفیق، ہیڈ کوچ، کپتان اور ایک اینالسٹ شامل ہوگا۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق ساتوں ممبران مشاورت کے ساتھ فیصلہ کریں گے، کمیٹی ہر فیصلے کو حتمی شکل دے گی، تمام ساتوں ارکان کے پاس یکساں اختیار ہوگا، اکثریتی رائے کو تسلیم کرلیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ کوچز کے حوالے سے بھی جلد اپڈیٹ کردیں گے، فی الحال کام ہورہا ہے جب بھی فائنل ہوگا آپ کو بتائیں گے، چار 5 دن میں کوچز کا معاملہ بھی فائنل ہو جائے گا۔ اس معاملے میں بھی ایک نئی چیز لے کر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اور ملکی سطح کے مشترکہ کوچز ہوں گے، کوچ سے متعلق بات چل رہی تھی جیسے ہی ایک نام میڈیا پر چلا تو وہ بھاگ گیا۔ سب کا یہی خیال ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم مضبوط ہونی چاہیے، اس لیے عماد وسیم سے سادہ بات چیت کی ہے۔

انہوں نے پی سی بی کے ریونیو کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جتنا بھی خزانہ ہے کرکٹ اور کھلاڑیوں پرہی لگے گا، خزانہ خالی بھی چھوڑ کرگیا تو خوش ہوں گا کہ کرکٹ کی بہتری پر خرچ ہوا، بینکوں میں پیسہ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

’کرکٹرز کے لیے پیسہ رہے گا، کنٹریکٹ کے مطابق یکساں این او سی پالیسی ہوگی، کسی کھلاڑی کے ساتھ فیورٹزم نہیں ہوگا‘۔

حارث رؤف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ فاسٹ بولر حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا گیا ہے، کپتانی سے متعلق بھی کام کررہے ہیں، سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر جلد مشاورت سے فیصلہ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp