رمضان کا دوسرا عشرہ شروع ہو چکا ہے، اور اب ہر گزرتا دن اس مہینے کے اختتام اور عید کی جانب بڑھ رہا ہے۔ یوں تو رمضان سے قبل ہی لوگ عید کی تیاریوں میں مگن ہو جاتے ہیں۔ لیکن 15 روزوں کے بعد بازاروں کی رونقیں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ افطاری سے پہلے اور پھر افطار کے بعد رات دیر تک بازاروں میں گہما گہمی رہتی ہے۔ ہر کسی کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ اچھے اور معیاری کپڑے خرید سکے لیکن دوسری جانب مہنگائی نے ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والوں کو متاثر کیا ہے۔
وی نیوز نے اسی حوالے سے راولپنڈی اور اسلام آباد کے چند ایسے بازاروں اور جگہوں کی تلاش کی، جہاں باقی مارکیٹوں کی نسبت سستے اور معیاری کپڑے بآسانی دستیاب ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں
راجا بازار
راجا بازار راولپنڈی کے مشہور تجارتی مراکز میں سے ایک ہے۔ راجا بازار راولپنڈی لکڑ بازار، مسالا بازار اور سبزی منڈی جیسے چھوٹے بازاروں کے علاوہ کپڑا بازار کے لیے بھی کافی مشہور ہے۔ یہاں بچوں اور بڑوں کے کپڑوں سمیت جوتوں اور جیولری کی بھی ورائٹی بہت ہی معیاری دام میں دستیاب ہوتی ہے۔
راجا بازار کو کپڑوں کا مرکز کہنا غلط نہیں ہوگا کیونکہ شہر کے کچھ چھوٹے تاجر بھی وہاں سے ہول سیل پر کپڑے لے کر مختلف بازاروں میں فروخت کر رہے ہوتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہاں لوگ دور دراز سے سستی شاپنگ کے لیے آتے ہیں۔ یہاں پر سال کے 12 مہینے رش رہتا ہے اور عید کے موقع پر یہاں پر 24 گھنٹے ایسی گہما گہمی رہتی ہے کہ پاؤں رکھنے کے لیے جگہ بھی مشکل سے مل پاتی ہے۔
رابی سینٹر
رابی سینٹر راولپنڈی میں واقع ہر طرح کے کپڑوں کی ورائٹی، ڈیزائن اور معیاری کپڑے کی وجہ سے کافی مشہور ہے۔ یہاں کے کپڑے برانڈڈ کپڑوں کے معیار کے ہوتے ہیں، جبکہ ان کی قیمتیں برانڈڈ کپڑوں کی نسبت کافی کم ہوتی ہیں۔
رابی سینٹر شادی بیاہ اور دیگر تقریبات کے لیے اچھے اور معیاری کپڑوں کے لیے بھی بہت مشہور ہے۔ کیونکہ ان کے ڈیزائن اور کپڑے کی کوالٹی برانڈز کے مقابلہ کی ہوتی ہے۔
کراچی کمپنی
اسلام آباد کے سیکٹر جی 9 میں واقع کراچی کمپنی مصروف ترین اور قدیم تجارتی مراکز میں سے ایک ہے۔ یہاں پر ضروریات زندگی کی تقریباً ہر شے دستیاب ہے۔ یہاں پر ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے علاوہ کپڑوں کی ہر قسم کی ورائٹی بہت ہی مناسب داموں دستیاب ہوتی ہے۔ سڑک کے کنارے وقفے وقفے سے لگے بچوں اور بڑوں کے کپڑوں کے اسٹالز کی قیمتیں باقی شاپنگ مالز اور دکانوں کی نسبت نہایت کم ہوتی ہیں۔
آبپارہ
اسلام آباد کا آبپارہ بازار شہر کا سب سے پہلا اور تاریخی اہمیت کا حامل بازار ہے۔ آبپارہ میں اسلام آباد کا سب سے پہلا پولیس اسٹیشن اور پہلا بینک بھی قائم کیا گیا، اسلام آباد میں جب بھی کوئی نووارد کسی پرانے باسی سے ایسے کسی بازار کا پوچھتا ہے جہاں پر ہر شے مناسب قیمت پر دستیاب ہو تو اس کا جواب جھٹ سے یہی ہوتا ہے کہ کپڑے، جوتے یا کسی بھی قسم کے ملبوسات سمیت ہر چیز کی مناسب قیمت پر خریداری کے لیے آبپارہ سے بہتر کوئی دوسرا انتخاب نہیں ہوسکتا۔
کمرشل مارکیٹ
عید کی شاپنگ کی بات کی جائے تو کمرشل مارکیٹ میں پہلے روزے سے چاند رات تک لوگوں کی خریداری جاری رہتی ہے۔ یہاں پر لوکل کپڑوں سے لے کر سارے برانڈز بھی موجود ہیں۔ یہاں بھی تقریباً ہر قسم کے کپڑے، جوتے اور جیولری مناسب داموں میں دستیاب ہے۔
جی 10 مرکز
شاپنگ کی بات کی جائے تو اسلام آباد کے چند وہ مقامات جہاں سستے اور معیاری کپڑے دستیاب ہوتے ہیں ان میں جی 10 مرکز بھی شامل ہے جو آہستہ آہستہ خاص طور پر خواتین کے ملبوسات کا مرکز بن چکا ہے۔ جی 10 مرکز میں فیشن اور موسم کے لحاظ سے تمام ورائٹی موجود ہوتی ہے اور یہاں سستے اور معیاری کپڑے بآسانی مل جاتے ہیں۔
اتوار بازار
اسلام آباد ایچ 9 ہفتہ وار بازار کو اسلام آباد کا سب سے بڑا سستا بازار بھی کہا جاتا ہے کیونکہ مارکیٹ کے مقابلے میں یہاں پھل، سبزیاں اور کپڑوں سمیت تمام ضروری اشیا بہت ہی مناسب قیمت پر دستیاب ہوتی ہیں۔ عید اور دیگر تقریبات کے مواقع پر لوگ خاص طور پر بچوں کے ملبوسات کے لیے وہاں کا رخ کرتے ہیں۔ اور شہر کے خاص و عام اپنی استطاعت کے مطابق کپڑے خریدتے ہیں۔ اس ہفتہ وار بازار میں ہزاروں روپے کی مالیت کے امپورٹڈ ملبوسات چند سو روپوں میں دستیاب ہوتے ہیں۔
یہ وہ چند مقامات ہیں جن کا انتخاب راولپنڈی اور اسلام آباد کے باسی عید اور دیگر تقریبات کی سستی اور معیاری کپڑوں کی خریداری کے لیے کرتے ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں یہ تجارتی مراکز ان تمام سفید پوش خاندانوں کو بھی بڑا ریلیف فراہم کرتے ہیں جو بڑے بڑے شاپنگ مالز سے یا برانڈڈ کپڑے خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔