محمد عامر اور عماد وسیم کی واپسی: ’ وہاب ریاض نے بھی ریٹائرمنٹ واپس لےکر خود کو ہی سلیکٹ کرلینا ہے‘

پیر 25 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستانی ٹیم سے ریٹائرمنٹ لینے والے 2کھلاڑیوں محمد عامر اور عماد وسیم  نے یکے بعد دیگرے ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

عماد وسیم نے ریٹائرمنٹ کا اعلان واپس لیتے ہوئے لکھا کہ پی سی بی حکام سے ملاقات کے بعد میں نے اپنی ریٹائرمنٹ پر نظر ثانی کی ہے اور آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 تک ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ کے لیے اپنی دستیابی کا اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی سی بی نے مجھ پر اعتماد کیا، میں ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور ملک کا نام روشن کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کروں گا۔ سب سے پہلے پاکستان۔

عماد وسیم کے بعد محمد عامر نے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان میں اعلان کیا کہ پاکستان کی جانب سے کھیلنا ان کا خواب ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ زندگی ہمیں ایسے موڑ پر لے آتی ہے جہاں کبھی کبھار ہمیں اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرنا پڑتی ہے۔ محمد عامر کا کہنا تھا کہ پی سی بی سے مثبت گفتگو ہوئی ہے جہاں مجھے عزت دی گئی اور آگاہ کیا گیا کہ میں پاکستان کےلیے کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔

عامر اور عماد کی واپسی پر صارفین کی جانب سے پی سی بی اور کھلاڑیوں پر تنقید کی جا رہی ہے۔ عمران صدیق لکھتے ہیں کہ ایک کھلاڑی اگر ریٹائرمنٹ لے لے تو اسے کبھی واپسی نہیں کرنی چاہیے اور نہ ہی پی سی بی کو کسی ریٹائر کھلاڑی کو واپس لانے کے لیے منت سماجت کرنی چاہیے۔

عابد ملک نے لکھا کہ کیا عماد وسیم اور محمد عامر کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ شعیب اختر اور شاہد آفریدی سے بھی ریٹائرمنٹ واپس لینے کا کہے گا؟

ایک صارف نے تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ اگر عماد وسیم اور محمد عامر دوبارہ قومی ٹیم میں آ سکتے ہیں تو عمر اکمل کو بھی واپس لے آتے ہیں۔

صحافی محمد فہیم کہتے ہیں کہ عماد وسیم کے بعد اب محمد عامر بھی پاکستان کے لیے ریٹائرمنٹ چھوڑ کر واپس آگئے اللہ خیر کرے۔ پلیئر پاور کے سامنے ہمارا جھکنا کوئی نئی بات نہیں۔

ایک صارف نے چیف سلیکٹر وہاب ریاض پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ جس طرح ریٹائرمنٹ واپس ہورہی ہے، لگتا ہے کہ وہاب ریاض نے  بھی ریٹائرمنٹ واپس لے  کر خود کو ہی سلیکٹ بھی کر لینا ہے۔ یاد رہے کہ وہاب ریاض نے 16 اگست 2023 کو بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ محمد عامر نے پی سی بی انتظامیہ کے مبینہ ناروا سلوک کو بنیاد بنا کر 2020 میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ عماد وسیم نے گزشتہ برس نومبر میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp