نائب صدر اور چیف آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ ن مریم نواز نے پنجاب اسمبلی کے لیے لاہور اور گوجرانوالہ کی چار نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 149 سے مریم نواز کے بحیثیت امیدوار تین کاغذات نامزدگی ایڈووکیٹ ملک لیاقت اعوان اور کنول لیاقت نے الیکشن کمیشن آفس میں جمع کروائے ہیں۔
مریم نواز کی جانب سے پی پی 149 سمیت آج مجموعی طور پر لاہور کے تین حلقوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جن میں پی پی 158 اور پی پی 173 بھی شامل ہیں۔
مریم نواز نے ان تین حلقوں کے علاوہ پی پی 63 گوجرانوالہ۔13 سے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
سوائے پی پی 149 جہاں مسلم لیگ ن نے کامیابی حاصل کی تھی باقی تینوں صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں تحریک انصاف کے امیدواروں نے آخری انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی رہنما حناپرویز بٹ نے پنجاب کی صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔
اپنے قائد میاں نوازشریف کی تصویروں سے مزین قمیض میں ملبوس حنا پرویز بٹ صوبائی اسمبلی کے لاہور سے دو حلقوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے الیکشن کمیشن کے آفس پہنچیں۔
اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں حناپرویز بٹ کا کہنا تھا کہ وہ پی پی 155 اور 160 سے انتخابات میں حصہ لیں گی۔ ان کے خیال میں خواتین کو عام انتخابات میں ضرور حصہ لینا چاہیے۔
’ان دونوں حلقوں کی خواتین ان کا ساتھ دیں تو وہ یہ الیکشن ضرور جیتیں گی۔‘