الارم لگا کر بھی صبح جلد اٹھنا مشکل ہو تو کیا کرنا چاہیے؟

بدھ 27 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ہم سبھی جانتے ہیں کہ صبح سویرے بیدار ہونے کے بے پناہ فائدے ہیں لیکن اس کے باوجود ہم بیدار نہیں ہوپاتے۔ ہم اکثر کئی الارم لگا کر جلدی اٹھنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جیسے ہی الارم بجتا ہے، ہم سب کچھ بھول جاتے ہیں اور الارم کو بند کرکے کمبل یا چادر اوڑھ کر سوتے رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

اگر آپ کے ساتھ بھی ایسا ہی ہو رہا ہے تو یہ خبر آپ کے لئے ہے۔ اس خبر میں ہم آپ کو کچھ تدابیر بتائیں گے، جنہیں آپ اپنے معمولات زندگی میں شامل کر کے ہر صبح آسانی سے بیدار ہوسکیں گے۔

پہلی تدبیر یہ کہ آپ صبح اٹھنے کے لیے الارم لگانے کے بجائے رات کے لیے لگائیں۔ اب آپ سوچیں گے کہ ایسا کیوں؟ اس سوال کا جواب ہے کہ آپ دراصل یہ الارم سونے کے لیے لگائیں گے۔ لہٰذا آپ رات 9 سے 10 بجے کے درمیان کا الارم لگائیں اور وہ جیسے ہی بجے، سبھی کام چھوڑ کر بستر پر سونے کے لیے چلے جائیں۔

کوشش کریں کہ آپ اپنے سارے کام اس الارم کے بجنے سے پہلے ہی مکمل کرلیں اور جب لیٹ جائیں تو الیکٹرانک آئٹمز کو قطعی نہ چھوئیں کیونکہ ان چیزوں سے نکلنے والی لائٹ آپ کے دماغ سے ’میلاٹونن‘ ہارمون کو نکلنے سے روکتی ہے۔ یاد رہے کہ یہ ہارمون اندھیرا ہوتے ہی خارج ہونے لگتا ہےجس کی وجہ سے آپ کو نیند آتی ہے۔

اس کے علاوہ چند مزید اہم باتوں کا خیال رکھیں۔ رات کے کھانے میں اناج کے بجائے ہلکی پھلکی غذا مثلاً کھچڑی یا اوٹس کھائیں۔ اس کے ساتھ آپ ایک گلاس دودھ پی سکتے ہیں۔ رات کا کھانا کھانے کے بعد بھول کر بھی کافی نہ پئیں بصورت دیگر آپ صبح جلد اٹھنے والی روٹین کو فالو نہیں کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ سب سے اہم بات یہ کہ رات کے کھانے اور سونے میں تقریباً 2 گھنٹے کا وقفہ لازمی ہونا چاہیے۔

اگر آپ الارم لگا کر سو رہے ہیں اور اس کے بعد بھی نہیں اٹھ پا رہے تو ایسا کریں کہ جب بھی آپ کا الارم بجے تو کمرے کی بڑی لائٹ جلا دیں۔ اس سے آپ کی آنکھ آسانی سے کھل جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp