جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عوام سڑکوں پر آئیں گے تو حکومت خود ہی گر جائے گی، ہمارا الزام واضح ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ بنیادی طور پر ہم ان اداروں کے خلاف احتجاج کریں گے جنہوں نے الیکشن کو کھیل بنا رکھا ہے، ہماری تحریک ان کے خلاف ہے جنہوں نے مرضی کے نتائج لینے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں
سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ ایک خاص منصوبہ بندی کے تحت الیکشن میں دھاندلی کرائی گئی۔ یہ حکومت اتنی مستحکم نہیں ہے جو چل پائے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تحریک کے بجائے پارلیمنٹ کے اندر سے عمران خان کی حکومت گرانے کی حکمت عملی غلط ثابت ہوئی، مگر میرا تب بھی یہی موقف تھا کہ تحریک سے حکومت کو گرائیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم پارلیمانی نظام کے ساتھ کھڑے ہیں اس سے لاتعلقی کا کوئی اعلان نہیں کیا، کیونکہ ہم ہم آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں۔
سربراہ جے یو آئی نے کہاکہ اگر کوئی نظام میں خرابی کرتا ہے تو پھر اس کی اصلاح کے لیے کوئی آواز ہونی چاہیے۔ حکومت سے بہت رابطے ہوئے مگر کوئی ہمیں اطمینان نہیں دلا سکا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور میں ایک دوسرے کے لیے دعا ہی کر سکتے ہیں۔ دعوے سے کہتا ہوں کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ بھی انتخابی نتائج سے مطمئن نہیں۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے عید کے بعد مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف تحریک کا اعلان کر رکھا ہے، جبکہ حکومت ان کو منانے کی کوشش میں تاحال ناکام ہے۔