سوات میں خاتون سے مساج کروانے پر 2افراد گرفتار، سلون سِیل، حقیقت کیا ہے؟

جمعرات 28 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے سیاحتی ضلع سوات میں مقامی پولیس نے سلون مساج سینٹر میں لڑکی کی جانب سے لڑکے کا فیشل کرنے پر سلون کو بند کرکے مالک کے خلاف مقدمہ درج کرکے 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

سوات میں رحیم آباد پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر کے مطابق سوات شہر میں سٹی سینٹر نامی پلازے میں واقع سلون میں واقعہ پیش آیا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آئی جسے دیکھ کر پولیس خود حرکت میں آئی اور ایس ایف او تھانہ رحیم آباد انسپیکٹر حبیب سید خان کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر دی۔

وی نیوز کو موصول ایف آئی آر کے متن کے مطابق سوشل میڈیا پر ویڈیو آنے کے بعد پولیس حرکت میں آئی۔ متن میں لکھا ہےکہ ’سلون میں ایک عورت ایک لڑکے کا مساج کر رہی ہے اور ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی جس سے نوجوان نسل کا فحاشی کی جانب راغب ہونے کا اندیشہ ہے۔ جبکہ اس فغل سے عوام میں بھی اشتعال کا اندیشہ ہے‘۔

پولیس کی زیرحراست ملزمان اور ایف آئی آر کاعکس

ایف آئی آر میں مزید لکھا ہے کہ ویڈیو کلپ کو میموری کارڈ میں محفوظ کرکے پولیس تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے۔

سلون سیل، 2 ورکر گرفتار

پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد سلون کو مبینہ فحاشی پھیلانے کا الزام لگا کر سیل کردیا جبکہ سلون کے 2 ورکرز کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران فیمیل اسٹاف سے بھی پوچھ گچھ کی گئی، تاہم انہیں گرفتار نہیں کیا گیا۔ تاہم گرفتار ورکرز کو مقامی عدالت کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

سلون ہے مساج سینٹر نہیں

پولیس نے ایف آئی آر میں سلون کو مساج سینٹر قرار دیا ہے۔ جبکہ سوات کے مقامی افراد اور صحافیوں کے مطابق سوات میں کوئی مساج سینٹر نہیں ہے تاہم  سلون ہیں۔

سوات کے ایک صحافی نے نام نہ لکھنے کی درخواست پر بتایا کہ یہ سلون بھی کچھ عرصہ پہلے ہی کھلا تھا۔ جس میں میل اور فیمیل اسٹاف موجود تھے۔ جو بال، شیو بنانے سمیت فیس فیشل بھئ کرتے تھے۔ جس پر کسی کو اعتراض نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ سلون جدید اور اس میں بہتر سہولیات تھیں جس کی وجہ سے دیگر سلون والے بھی کچھ زیادہ خوش نہیں تھے۔

ویڈیو کلپ میں کیا ہے؟

ویڈیو، سوات سے تعلق رکھنے والے ٹک ٹاکر نے بنائی ہے، جسے بعد میں سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا گیا۔ ویڈیو کو دیکھ کر لگ رہا ہے کہ ویڈیو مارکیٹنگ کے لئے بنائی گئی ہے۔ جس میں ایک نوجوان لڑکا سلون میں فیس فیشل کرواتا ہے۔ جس کی انہوں نے ویڈیو بنائی ہے۔ ویڈیو میں ایک نوجوان لڑکی لڑکے کا فیشل کر رہی ہے۔ جبکہ ایک حصے میں ایک میل اسٹاف سلون میں سہولیات کے بارے میں بھی بتاتا ہے۔

اسٹاف بتاتا ہے کہ سلون میں میل اور فیمیل اسٹاف ہے۔ جو اپنے کام میں مہارت رکھتا ہے۔ ویڈیو کے آخر میں نوجوان ٹک ٹاکر سلون کو بھی دکھاتا ہے۔ واقعے کے بعد کچھ حلقوں کی جانب سے پولیس پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp