آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی کے بیٹے کی ہوائی فائرنگ کا نوٹس لے لیا

جمعرات 28 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کے بیٹے کی ہوائی فائرنگ کا نوٹس لے لیا جبکہ ڈی آئی جی نے ویڈیوز کو ایڈیٹڈ قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ کراچی پولیس کے سینیئر افسر ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر کے بیٹے کی اسلحے نمائش اور ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائر ل ہوئی تھیں جن میں ان کے صاحبزادے عاشر مہیسر کو مختلف مقامات پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

آئی جی سندھ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو واقعے کی مکمل تحقیقات کاحکم دیا ہے۔

صوبائی پولیس سربراہ کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

آئی جی نے کہا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں کہ اسلحہ سرکاری ہے یا نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح خوف و ہراس پھیلانے کا حق کسی کو بھی حاصل نہیں ہے۔

مذکورہ ویڈیوز میں نوجوان کو گاڑی سے فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے اور ایک ویڈیو میں ڈی آئی جی کی تصویربھی نظر آرہی ہے۔ ہوائی فائرنگ کی وائرل فوٹیج کب کی ہیں اس حوالے سے چھان بین شروع کردی گئی ہے۔

دریں اثنا ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر نے ویڈیو کو بیٹے کے خلاف پروپیگنڈا قراردیا ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز اور تصاویر جعلی اور ایڈیٹڈ ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم سے بھی رابطہ کریں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp