کوہستان: آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے 10 افراد ہلاک

جمعہ 17 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر کوہستان میں واقع ایک گھر میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں آٹھ بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے دس افراد جھلس کر ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

لوئر کوہستان کے سیری پٹن کے مقام پر ایک گھر میں رات گئے خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کے باعث گھر کی چھت مکمل طور پر گر گئی اور گھر والے ملبے کے نیچے دب گئے۔ ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقعہ پر متاثرہ مکان پہنچ کر آگ بجھانے کاعمل شروع کر دیا۔

ریسکیو حکام نے بتایا کہ آگ کی شدت انتہائی زیادہ تھی اور گھر کے تمام افراد دب گئے تھے جس کے لیے اپرکوہستان اور شانگلہ کی ٹیمیں بھی طلب کی گئیں۔

’ریسکیو کا عمل کئی گھنٹے تک جاری رہا جس کے دوران دس لاشیں جبکہ تین افراد کو زخمی حالت میں باہر نکال لیا گیا ہے۔‘

ہلاک شدگان میں پانچ بچیاں، تین بچے جبکہ دو خواتین شامل ہیں۔ زخمیوں اور لاشوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ رات گئے اسوقت لگی تھی جب تمام اہل خانہ بدقسمت مکان میں سو رہے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ بروقت اطلاع بھی نہیں دی جاسکی۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے جبکہ پولیس نے اہل علاقہ سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp