سفر کے دوران متلی اور چکر آنا : اسباب اور علاج

جمعہ 17 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سفر کرتے وقت چکر آنے یا الٹیاں آنے کی وجہ یہ سمجھی جاتی ہے کہ سفر کے دوران دماغ کے جسم کے مختلف حصوں سے متضاد معلومات مل رہی ہوتی ہیں۔آپ پیدل چلتے ہیں تو آپ کی آنکھیں، ٹانگیں، پاؤں، بازو، اور کانوں میں موجود بیلینسنگ سسٹم دماغ کو انفارمیشن دیتے ہیں کہ آپ حرکت میں ہیں۔

اس کے برعکس اگر آپ بس میں سفر کر رہے ہوں تو آپ کے کانوں کے اندر موجود بیلنسنگ کا نظام دماغ کو یہ بتلا رہا ہوتا ہے کہ آپ حرکت میں ہیں تاہم آپ کی آنکھیں بس کے اندر ہر چیز کو ساکن دیکھتی ہیں۔

آپ کا جسم دماغ کو یہ بتاتا ہے کہ آپ ساکن ہیں۔ اس طرح کے متضاد سگنلز سے دماغ غالباً کنفوز ہو جاتا ہے اور معدے کو ’الٹی سیدھی‘ ہدایات بھیجنے لگتا ہے۔

چکر اور قے اس وقت آتے ہیں جب آپ تیزی سے تبدیل ہوتے منظر پر توجہ مرکوز کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر آپ گاڑی کے پردے بند رکھیں اور باہر کے منظر پر توجہ نہ دیں تو چکر آئیں گے اور نہ ہی متلی ہوگی۔

دراصل آپ کا ریٹینا اور دماغ اتنی تیزی سے مناظر کو پراسیس نہیں کر پاتے اور جب آپ ذہن پر زور ڈالتے ہیں یعنی دماغ کو آپٹیمم لیول سے زیادہ لے جانے کی کوشش کرتے ہیں تو دماغ اپنی صلاحیت سے آگے کام کرنے سے انکار کی صورت میں آپ کا سر چکرا دیتا ہے اور آپ قے کرنے لگ جاتے ہیں۔

موشن سکنس (سر چکرانا اور متلی) کی علامات مختلف بھی ہو سکتی ہیں۔ جیسے کچھ کو پسینہ آتا ہے یا پھر پیٹ میں درد ہوتا ہے۔ جی متلاتا ہے اور مسلسل بے آرامی رہتی ہی ہے۔ان علامات کے باعث سفر کرنا انتہائی مشکل اور خوفناک عمل ہو سکتا ہے لیکن کچھ طریقے اپنا کراس تکلیف کو کم کیا جا سکتا ہے۔

سفر سے پہلے کھانے پینے سے گریز

کسی بھی سفر پر جانے سے پہلے کوشش کریں کہ کچھ زیادہ نہ کھائیں یا پیئں۔ زیادہ کھانے سے معدے پر بوجھ پڑتا ہے اور متلی کی کیفیت زیادہ محسوس ہوتی ہے۔

مشروبات سے دور رہیں

مشروبات بھی جی متلانے اور قے کی وجہ بن سکتے ہیں۔ بلکہ الکوحل سے تو جسم میں پانی کی کمی ہو جاتی ہے جس سے سر میں بھی درد ہوتا ہے۔ سر کا درد اگر شدید ہو جائے تو دل بھی خراب ہوتا ہے اور قے کی کیفیت محسوس ہوتی ہے۔

گاڑی میں خوشبو کا استعمال

بہت تیز خوشبو والے سپرے بھی موشن سکنس کا باعث بن جاتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ کسی ایسے سپرے کا انتخاب کریں بالخصوص سفر کے دوران جو بے آرامی کا سبب نہ بنے۔

درست سیٹ کا انتخاب

جن افراد کو موشن سکنس کا مسئلہ رہتا ہے انہیں چاہیے کہ وہ ڈرائیور کے ساتھ فرنٹ سیٹ پر بیٹھیں۔ پیچھے بیٹھنا اور بالخصوص بیچ والی سیٹ پر بیٹھنے سے کافی پریشانی ہو سکتی ہے۔

سفر کے دوران سونا بہتر

سفر کے دوران کچھ دیر سو جانے سے موشن سکنس سے بچا جا سکتا ہے کیونکہ یہ ایک ایسی کیفیت ہے کہ گاڑی میں زیادہ حرکت محسوس کرنے یا تیز خوشبو سے بھی متحرک ہو سکتی ہے۔

گپ شپ لگاتے ہوئے جائیں

اپنی توجہ ادھر ادھر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ سفر کے دوران اپنا دماغ گپ شپ میں مصروف رکھیں۔ اور اگر اکیلے سفر کر رہے ہیں تو کسی دوست کو فون کرلیں۔

ببل گم ضرور پاس رکھیں

چیونگم یا ببل گم چبانے سے بھی موشن سکنس کی شدت کم ہو سکتی ہے۔ چیونگم چبانے سے کچھ ایسے کیمیکل ریلیز ہوتے ہیں جن سے آپ کی توجہ دوسری طرف ہو جاتی ہے۔

موسیقی سنیں اور ریلیکس کریں

گاڑی کے سفر کے دوران موشن سکنس سے بچنے کے لیے موسیقی سننا بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔ ویسے بھی موسیقی سنتے ہوئے ایسے ہارمونز ریلیز ہوتے ہیں کہ آپ کو اچھا اچھا محسوس ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp