اسرائیلی فوج نے جنین پر تازہ حملے میں 4فلسطینیوں کو شہید کر دیا

جمعہ 17 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فلسطینی حکام کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج کے تازہ حملے میں ایک نوجوان سمیت کم از کم چار فلسطینی  شہید ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ  اس سال کے آغاز سے اب تک اسرائیل مقبوضہ مغربی کنارے میں چھاپوں کے دوران 83فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ اس کی سیکیورٹی فورسز نے’جنین پناہ گزین‘کیمپ میں آپریشن کیا۔

جنین شمالی مغربی کنارے  میں واقع ان علاقوں میں سے ہے جہاں اسرائیل نے بڑھتی ہوئی فلسطینی مزاحمت کو کچلنے کی کوشش میں گزشتہ ایک سال کے دوران میں متعددچھاپے مارے ہیں۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے یہ چھاپہ فلسطینی اتھارٹی کے بیان کے ایک دن بعد ہوا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ 19 مارچ کو مصر کے بحیرہ احمر کے سیاحتی مقام شرم الشیخ میں اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی اجلاس میں شرکت کرے گی۔ اجلاس میں مصر،اردن اور امریکہ کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

سیاسی تجزیہ کار نور اُودہے نے فلسطینی شہر رام اللہ سے عرب ٹیلی ویژن چینل ’الجزیرہ‘ کو بتایا کہ فلسطینی قیادت کو اس اجلاس میں شرکت نہیں کرنی چاہیے کیونکہ فلسطینی رائے عامہ اس کے خلاف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت فلسطینی عوام کو تسلیم نہیں کرتی اسی لئے فلسطینی قیادت کو اپنی عوام کی مرضی کی نمائندگی کرنی چاہیے اور اسرائیلی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے بجائے فلسطینیوں میں پیدا ہونے والے اختلافات کو ختم کرنا چاہیے۔

جمعرات کو ہونے والی ہلاکتوں سےرواں سال کے آغاز سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 83ہو گئی ہے۔ اسرائیل نے گزشتہ موسم بہار میں ہونے والے حملوں کے جواب میں گرفتاری کے چھاپے بڑھا دیے تھے۔

2023میں اسرائیلیوں کے خلاف فلسطینیوں کے حملوں میں 14افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

2022میں اسرائیلی چھاپوں میں 170سے زائد فلسطینی مارے گئےتھے جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp