امریکا سے سرخ گائے کی درآمد، کیا اب دجال کا ظہور ہونے والا ہے؟

پیر 1 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر دجال اور سرخ گائے کی قربانی کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کے مقام پر یہودیوں نے نیا ہیکل تعمیر کرنے کی تیاری کرلی ہے۔ اس مقصد کے لیے امریکا سے سرخ گائے بھی درآمد کی جا چکی ہے جس کو قربان کرنے کے بعد اس کی راکھ کو پانی میں ملایا جائے گا اور ایک ایسا مرکب تیار کیا جائے گا جو ہیکل پر چڑھنے سے پہلے ناپاک افراد کو پاک کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی دجال کی آمد ہو جائے گی۔

حماس کے ترجمان ابو عبیدہ نے بھی یہودیوں پر مقدس سرزمین پر ’سرخ گائے‘ لانے کا الزام عائد کیا تھا۔

اب سوشل میڈیا پر ہر کوئی دجال کے بارے میں روایات اور اقوال شیئر کر رہا ہے کہ اس کا ظہور ہونے والا ہے۔ دجال کا ذکراسلامی روایات میں قرب قیامت کی نشانیوں کے ضمن میں آیا ہے۔ بعض روایات میں ہے کہ یہ ایک آنکھ سے اندھا ہو گا اور ایمان والے اس کی پیشانی پر کفر لکھا ہوا دیکھیں گے۔ جبکہ یہودی عقیدے کے مطابق حضرت داؤد علیہ السلام کی اولاد میں ایک عظیم بادشاہ نمودارہوگا جو بنی اسرائیل کے طاقت ور بادشاہ اور نبی(داؤد) کی طرح جن پر زبور نازل ہوئی تھی، یہودیوں کی حکومت پھر سے دنیا پر قائم کرے گا۔

دجال کے ظہور پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ عائشہ نامی صارف لکھتی ہیں کہ جو شخص سورہ کہف کی ابتدائی 10آیات کو دل سے سیکھے گا وہ دجال سے محفوظ رہے گا۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہودی چاہے ہزار سرخ گائے قربان کر دیں لیکن دجال تب ہی آئے گا جب اللہ چاہے گا۔

ایک صارف نے لکھا کہ بچپن میں سنا تھا کہ صیہونی ایک سرخ گائے کے پیدا ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ، تاکہ اسے یروشلم میں جبل الزیتون پر قربان کر کے جلایا جائے ، اس کے بعد مسجد اقصی اور سنہرا گنبد(قبۃ الصخرا) شہید کر کے ہیکل سلیمانی کی تعمیر ہو گی۔ سالوں سے اس گائے کی تلاش جاری تھی  اور کئی سال کی تلاش کے بعد ستمبر 2022 میں ایسی پانچ بچھڑیاں تلاش کر لی گئی ہیں جن کے لیے قربان گاہ بھی تیار ہو چکی ہے ، جہاں گائے کو جلایا جائے گا اور اس کے ساتھ ہی ہیکل کی تعمیر کا پہلا اقدام پورا ہو جائے گا۔

صارف کا مزید کہنا تھا کہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کے ساتھ ہی قیامت کی بڑی نشانیاں شروع ہو جائیں گی پھر بہت تیزی سے ایک کے بعد ایک واقعات ہوں گے لیکن میرا دل اب بھی یہی کہہ رہا ہے کہ اللہ کرے ایسا نہ ہو۔

انس لکھتے ہیں کہ دجال کی آمد کے بارے میں موجودہ ویڈیوز کی حقیقت اللہ ہی جانتا ہے۔ ہمیں، ہمارے خاندانوں، دوستوں اور امت مسلمہ کو اس فتنہ سے اللہ پاک محفوظ رکھے۔

واضح رہے کہ سرخ گائے کی امریکا سے برآمد پر سخت ممانعت کے قوانین کو نرم کرنے کے لیے بچھڑوں کی بطور پالتو جانور درجہ بندی کی گئی۔ اب ان گائیوں کو مقبوضہ بیت المقدس پہنچا دیا گیا ہے جہاں ایک وسیع و عریض قربان گاہ پر لے جا کر ان کی قربانی پیش کی جائے گی، یہ قربان گاہ زیتون کے پہاڑ کے سامنے ہے جہاں جلد ہی ان گائیوں کو جلایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp