’وساکھی میلہ‘: دنیا بھر سے سے 45 ہزار سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع

منگل 2 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سکھ مذہب کے مطابق وساکھی کا تہوار نئے سال کا آغاز ہوتا ہے۔ اس سال ملکی و غیرملکی شرکا کی تعداد 35 ہزار سے 45 ہزار تک رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ جس کے لیے بڑے پیمانے پر پر تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ پاکستان میں وساکھی کی تقریبات 13 اپریل سے شروع ہوکر 22 اپریل تک جاری رہیں گی۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کی زیرِ صدارت ہوم ڈیپارٹمنٹ میں وساکھی میلہ کے حوالے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعلقہ محکموں کے اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں وساکھی میلے کے حوالے سے دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد پر انتظامات بارے لائحہ عمل تشکیل دیا گیا اور ان کی فول پروف سیکیورٹی کا جائزہ بھی لیا گیا۔

سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی سے متعلق صفائی ستھرائی، رہائش اور لنگر سمیت تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایکشن پلان تشکیل دیا گیا۔

اجلاس کے دوران گفتگو میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ سکھوں اور پاکستان کا رشتہ ناخن اور گوشت کا ہے۔ وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھی وساکھی کی تقریبات میں مدعو کریں گے۔

بس کے بجائے ٹرین سروس کی سہولت

اس بار سکھ یاتریوں کو بسوں کی بجائے ٹرین کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ ٹرینوں میں صفائی ستھرائی کیساتھ ساتھ دیگر بہترین سہولیات بھی فراہم کریں گے۔ اس سلسلہ میں ریلوے حکام کی جانب سے بہترین کوچز فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔

امیگریشن کاؤنٹرز

انہوں نے مزید کہ یاتریوں کی سہولت کیلئے واہگہ پر زیادہ تعداد میں امیگریشن کائونٹرز بنائے جائیں گے۔ خاص کر بزرگوں کے لیے الگ امیگریشن کاؤنٹر لگایا جائے گا۔ اسی طرح سے خواتین کو بھی الگ کائونٹر کی سہولت میسر ہوگی۔

انڈیا سے 3ہزار یاتری پاکستان پہنچیں گے

صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس سال 3ہزار یاتری انڈیا سے وساکھی تہوار میں شرکت کے لیے آرہے ہیں۔ یاتریوں کو بہترین سیکیورٹی، میڈیکل اور سفری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہیں ٹرین میں بھی میڈیکل کی سہولت میسر ہوگی۔بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بھی تمام تر انتظامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔

یاتری اس بار ہماری مہمان نوازی ہمیشہ یاد رکھیں گے

علاوہ ازیں رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ یاتریوں کو پہلے سے کہیں زیادہ بہتر رہائش اور واش روم کی سہولت فراہم کرنے کی پلاننگ مکمل کر لی ہے۔ وساکھی تہوار میں شرکت کرنے کے لیے آنے والے یاتری اس بار ہماری مہمان نوازی ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ ہماری پوری کوشش ہے۔کہ یاتریوں کو تمام روز اور تمام مقامات پر ہر طرح کی آسانی اور سہولت مہیا کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp