خیبرپختونخوا اسمبلی: اپوزیشن ارکان نے سینیٹ الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرا دی

منگل 2 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن اراکین نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرانے کے لیے درخواست جمع کرادی۔

اپوزشین رہنما احمد کریم کنڈی نے سینیٹ انتخابات ملتوی کرانے کی درخواست صوبائی الیکشن کمشنر کو جمع کرائی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہمارے 25 ارکان سے ابھی تک حلف نہیں لیا گیا لہٰذا الیکشن ملتوی کیا جائے۔

اس سے قبل، خیبرپختونخوا اسمبلی میں سینیٹ انتخابات کے لیے انتظامات مکمل تھے اور الیکشن عملہ بھی موجود تھا لیکن اس کے باوجود مقررہ وقت 9 بجے سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ شروع نہ ہوسکی۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کی درخواست پر چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ آج سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 4 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا۔ گزشتہ روز اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست جمع کرائی تھی جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران سے حلف لینے کا حکم دیا ہے، اسپیکر صوبائی اسمبلی کے پاس اجلاس بلانے کے لیے ابھی تک کوئی درخواست نہیں آئی۔

درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ ممبران سے حلف لیا جائے، نہ اسمبلی کا اجلاس ہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی درخواست کی گئی ہے، اس صورت میں ممبران سے حلف کیسے لیا جائے، درخواست کے بغیر اسپیکر اجلاس نہیں بلا سکتا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp