وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی ججز کے خط کے معاملے پر سیاست کر رہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ اپنے دور میں ججوں کے خلاف ریفرنس بنانے والے مشورے نہ دیں تو بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اور عمران خان جو کہتے ہیں وہ قانون نہیں، اس معاملے میں آئین پر عمل ہوگا۔
مزید پڑھیں
وزیر قانون نے کہاکہ بیرسٹر گوہر کو علم ہونا چاہیے کہ 184 تین کے تحت بینچ تشکیل دیا گیا ہے، فل کورٹ نے ہی معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیشن تشکیل دینے کی سفارش کی تھی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججوں نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے عدالتی معاملات میں مداخلت کی جارہی ہے۔
حکومت نے اس اہم معاملے کی تحقیقات کے لیے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں کمیشن تشکیل دیا تھا تاہم انہوں نے معذرت کرلی۔
جسٹس تصدق جیلانی کی جانب سے معذرت کے بعد اب چیف جسٹس پاکستان نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے 7 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیدیا ہے۔ مگر پی ٹی آئی نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ فل کورٹ تشکیل دیا جائے۔