کونسی خواتین پہلی بار ایوان بالا کا حصہ بنی ہیں؟

بدھ 3 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے علاوہ تمام صوبوں سے ایوان بالا (سینیٹ) کے لیے سینیٹرز بالآخر منتخب ہوچکے اور 30 خالی نشستوں کے لیے پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔

مزید پڑھیں

نتائج کے مطابق اسلام آباد کی سینیٹ سیٹوں کے لیے ٹیکنوکریٹ اور جنرل نشستوں پر حکمران اتحاد کے امیدوار اسحاق ڈار اور رانا محمود نے کامیابی حاصل کی۔

لیکن اس ایوان بالا میں کس جماعت کی کونسی خواتین منتخب ہو کر آئی ہیں اور وہ کونسی خواتین ہیں جو ایوان بالا کا پہلی بار حصہ بننے جا رہی ہیں؟

بلوچستان سے منتخب شدہ خواتین سینیٹرز کون ہیں؟

بلوچستان میں مجموعی طور پر سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں، ٹیکنوکریٹس اور خواتین کی 2، 2 نشستوں پر تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔

بلوچستان سے خواتین کی نشستوں پر ن لیگ کی راحت جمالی اور پیپلز پارٹی کی حسنہ بانو کامیاب ہوئی ہیں۔

پنجاب سے کونسی خواتین سینیٹ انتخابات میں کامیاب ہوئیں؟

 پنجاب اسمبلی کے سینیٹ انتخابات میں خواتین کی نشستوں پر مسلم لیگ ن کی انوشہ رحمٰن اور بشریٰ بٹ نے کامیابی حاصل کی۔

انوشہ رحمٰن نے 125 اور بشریٰ بٹ نے 123 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کی صنم جاوید کو 102 ووٹ ملے۔

سندھ اسمبلی سے کونسی خواتین منتخب ہوئیں؟

سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی 12 نشستوں پر 19 امیدوار آمنے سامنے تھے۔ انتخابات میں 154 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

سندھ اسمبلی سے خواتین کی نشست پر پاکستان پیپلزپارٹی کی روبینہ قائم خانی اور قراۃ العین مری نے کامیابی حاصل کی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات تاحکم ثانی ملتوی کر دیے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن ارکان نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دی تھی۔

کونسی خواتین پہلی بار سینیٹ کا حصہ بنیں گی؟

3 صوبوں سے منتخب ہو کر سینیٹ تک پہنچنے والی خواتین میں کچھ ایسی بھی ہیں جو پہلی بار ایوان بالا کا حصہ بننے جا رہی ہیں۔

ان میں پنجاب سے ن لیگ کی انوشہ رحمٰن اور بشریٰ انجم بٹ، سندھ اسمبلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کی روبینہ قائم خانی اور بلوچستان سے سینیٹ کے انتخابات میں منتخب ہونے والی ن لیگ کی راحت جمالی اور پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی حسنہ بانو بھی پہلی بار ایوان بالا کا حصہ بننے جا رہی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp