سسپنس تھرلر ویب سیریز کُہرا گزشتہ سال نیٹ فلکس پر ریلیز ہوئی تو بہت سے لوگوں نے اس کے مرکزی اداکار سویندر وکی کے حوالے سے کہا کہ ان کو راتوں رات کامیابی مل گئی ہے لیکن اس کے بعد اداکار نے حقیقت بیان کرکے لوگوں کو حیران کردیا ہے۔
چندی گڑھ میں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سویندروکی نے وہ وقت یاد کیا جب کچھ سال پہلے انہوں نے ایک تھیٹر پروڈکشن میں کام کرکے 5,000 روپے کمائے اور ان پیسوں سے ریل کا کرایہ ادا کرکے بمبئی پہنچے۔ یہ رقم زیادہ دیر تک نہ چل سکی۔ ممبئی میں زندگی گزارتے ہوئے ایک وقت ایسا بھی آیا، جب ان کے پاس کھانے کے لیے پیسے نہیں تھے۔
مزید پڑھیں
بالی ووڈ فلموں میں اداکار سویندروکی سائیڈ کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ابھی تک کسی بھی فلم میں انہیں مرکزی کردار نہیں ملا۔ وہ پنجابی فلموں میں معاون کردار بھی ادا کرتے رہے ہیں۔ تاہم کُہرا سیریز میں وہ پہلی بار بطور ہیرو سامنے آئے ہیں۔
ویب سیریز ’کُہرا ‘ میں اپنے کردار کے بارے میں بات کرتے ہوئے اداکار نے کہا ’ تمام لوگوں نے اپنا کردار بخوبی نبھایا، ہر شخص کو بالکل معلوم تھا کہ کیا کرنا ہے، سیٹ پر ماحول پر سکون تھا، میں نے اچھی طرح سے تیاری کی اور کردار کا مطالعہ کرنے میں کافی وقت صرف کیا۔‘
متعدد ویب سیریز میں پولیس افسر کا کردار ادا کرنے والے اداکار نے اعتراف کیا ہے کہ ہر کردار میں کچھ نیا ضروری تھا۔ ‘سچ میں میرے پاس زیادہ کردار نہیں تھے، یہ وہ واحد کردار تھے جو مجھے آفر کیے گئے تھے، تاہم میں نے ہر کردار کے لیے مختلف طریقے سے تیاری کی، یقیناً اس کا کریڈٹ ڈائریکٹرز کو بھی جانا چاہیے۔‘
ان کی ویب سیریز کُہرا نیٹ فلیکس پر کافی مقبول ہوگئی ہے، جس کے بعد اداکار نے کئی بالی ووڈ اور مزید ویب سیریز سائن کرلی ہیں۔
کُہرا 2023 میں نیٹ فلکس پر ریلیز کیا گئی تھی، جب سویندر وکی 50 سال کے تھے اور اس فلم میں بطور ہیرو ان کا پہلا کردار تھا۔