وردیوں کا بحران، جرمن پولیس بغیر پتلون فرائض انجام دینے پر مجبور

جمعرات 4 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جرمنی میں پولیس اہلکاروں نے وردیاں نہ ملنے پر بغیر پتلون فرائض انجام دے کر انوکھا احتجاج ریکارڈ کرا دیا۔

جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کی ایک رپورٹ کے مطابق، ریاست باویریا میں پولیس یونیفارم کا اسٹاک ختم ہوئے ایک عرصہ گزر چکا ہے جبکہ پولیس اہلکار اور افسران طویل عرصے سے نئی یونیفارم کا انتظار کر رہے ہیں۔ تاہم اب وہ اس انتظار سے تنگ آچکے تھے، اسی لیے انہوں نے اپنی حالت زار کی جانب توجہ مبذول کرانے کے لیے ایک انوکھا اور غیرمعمولی احتجاج ریکارڈ کرایا۔

پولیس یونین نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ریاستی پولیس پتلون پہننا ترک کررہی ہے۔ اس ویڈیو میں پولیس کار میں بیٹھے 2 افسران ایک دوسرے سے پوچھتے ہیں، ’آپ کب سے انتظار کر رہے ہیں؟‘

دونوں افسران ایک دوسرے کو جواب دیتے ہیں 4 سے 6 ماہ سے انتظار کر رہے ہیں۔ یہ بات کہنے کے بعد وہ گاڑی سے یہ دکھانے کے لیے نکلتے ہیں کہ انہوں نے تو پتلون ہی نہیں پہنی ہوئی۔ اس ویڈیو کے ذریعے ان پولیس افسران نے پیغام دیا ہے کہ وہ اتنے عرصے سے وردیوں کا انتظار کررہے تھے۔

اس ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد ریاستی پولیس کے سربراہ نے پولیس یونیفارم کی کمی کا اعتراف کیا اور وزارت داخلہ سے اس مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔

بعدازاں، وزارت داخلہ کے ایک ترجمان نے سپلائی چین میں خلل کو پولیس یونیفارم کی کمی کی وجہ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ یونیفارم کی سپلائی میں رکاوٹیں ہمارے لیے پریشانی کا سبب بنیں۔ انہوں نے بتایا کہ وردیوں کی خریداری کو آؤٹ سورس کر دیا گیا تھا، تاہم اب وہ خود ہی اس کی فراہمی کا کام سنبھالیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp