ریاست چاہے تو عمران خان کو چند منٹوں میں گرفتار کیا جاسکتا ہے، مریم نواز

جمعہ 17 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ اگر ریاست عمران خان کو گرفتار کرنا چاہے تو یہ منٹوں کامعاملہ ہے مگر ہمیں وہاں بیٹھے ہوئے کارکنوں کا احساس ہے جنہیں یہ شخص اپنی چوری بچانے کے لیے استعمال کررہاہے اور ڈھال بنایا ہوا ہے ۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ زمان پارک میں کالعدم تنظیموں کے لوگوں کے ساتھ یہ شخص ریاست پر حملہ آور ہے اور وہاں پر موجود دہشت گردوں کی تصاویر بھی سامنے آچکی ہیں جس کے بعد ضروری ہے کہ اس کے ساتھ ریاست دہشت گردوں کی طرح نمٹے۔

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے آئین کو اپنی جوتی کے نیچے رکھا ہوا ہے اور آج بھی اس شخص کے وارنٹ گرفتاری معطل ہوگئے ہیں۔سمجھ نہیں آرہی کہ اس کو یہ سہولت کیوں دی گئی ہے۔

خودکولیڈرکہلانے والازمان پارک میں چھپ کربیٹھاہے

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ خود کولیڈر کہلانے والا زمان پارک میں چھپ کر بیٹھا ہےا ور کارکنوں سمیت خواتین کو بھی ڈھال بنایا ہوا ہے جس کی کوئی مثال نہیں ملتی کیوں کہ سیاسی قائدین تو گرفتاری کیا پھانسی کا پھندا بھی ہنستے ہوئے چوم لیتے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ انتخابات جب بھی ہوں مسلم لیگ ن مقابلے کے لیے تیار ہے اور نواز شریف وطن واپس آکر انتخابی مہم قیادت کریں گے اور جب لیول پلیئنگ فیلڈ ہوگی تو مسلم لیگ ن بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان 2014 سے ریاست پر حملہ آور ہے اور یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے پولیس اور ریاست پر دھاوا بولا۔انہوں نے شاہراہ دستور پر قبریں کھود کر ریاست کا مذاق اڑایا۔

عمران خان کواشتہاری ہونے کے باوجودگرفتارنہیں کیاگیا

مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جسٹس کھوسہ کی عدالت میں روز ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھا ہوتا تھا اور اشتہاری ہونے کے باوجود کوئی اسے گرفتار نہیں کرتا تھا اور دوسری طرف اسی جج نے نواز شریف کے لیے گاڈ فادر اور سسلین مافیا جیسے الفاظ استعمال کیے۔

مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ کچے کے علاقے اور زمان پارک میں جو کچھ ہو رہا ہے اس میں کوئی فرق نہیں ہے کیوں کہ یہاں سے بھی کالعدم تنظیم کے کارندوں کے ذریعے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ وہ شخص نے جس نے بیرونی ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کیے اورآج یہ پیسے دے کر اپنے تعلقات ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔اب جواب کون دے گا کہ زلمے خلیل زاد کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں بولنے کی اجازت کس نے دی۔

میں جھوٹے کیسز میں عدالتوں میں پیش ہوتی رہی

مریم نواز کا کہنا تھا کہ میں تو جھوٹے کیسز میں عدالتوں میں پیش ہوتی رہی مگر کیا عمران خان کا ٹیریان والا کیس جھوٹا ہے؟یہ شخص کس کو بیوقوف بنا رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ شخص سب ہتھکنڈے آزما چکا ہے اور اب بات چیت کی پیشکش کررہاہے اور جنرل باجوہ نے جو کیا تھا وہ اس کا اعتراف کرچکے ہیں۔وہ ادارے کے لیے بدنامی کا باعث بنے ہیں اس لیے ادارہ خود ان کے خلاف کارروائی کرے۔

مریم نواز نے کہا کہ انتخابات ہوں گے تو سب کی مقبولیت کا پتہ چل جائے گا کیوں کہ 2018 کے انتخابات میں تو اس کو جتوایا گیا تھا اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار خود ہمارے مضبوط امیدواروں کے حلقوں میں جا کر پی ٹی آئی کی مہم چلاتے رہے۔

نوازشریف نے جنرل باجوہ اور جنرل فیض کا نام عہدوں پر ہوتے ہوئے لیا

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نواز شریف نے جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے نام ان کے عہدوں پر ہوتے ہوئے لئے تھے لیکن عمران خان پہلے جنرل باجوہ کی تعریفیں کرتے رہے اور عہدے سے ہٹنے پر ان کے کورٹ مارشل کامطالبہ کردیا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمیں مہنگائی کا احساس ہے مگر 2017 میں جب ملک ترقی کررہا تھا اور انویسٹمنٹ آرہی تھی تو اس وقت سازش کرکے نوازشریف کو اقتدار سے باہر نکالا گیا جس کی وجہ سے آج ہم یہاں پر کھڑے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں آئی ایم ایف پروگرام ہونے کے باوجود مہنگائی نہیں تھی اور ہم نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ بینچ فکسنگ کسی صورت نہیں ہونی چاہیے اور انتخابات پورے ملک میں ایک ساتھ ہونے چاہییں کیوں کہ ابھی مردم شماری کے نتائج بھی آنے ہیں مگر جب بھی انتخابات ہوں مسلم لیگ ن اس کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp