نو منتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کون ہیں؟

جمعرات 4 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیدائش اور خاندانی پس منظر

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان 1972 میں حیدرآباد، سندھ میں ایک متوسط طبقے کے گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ان کے والدین کا آبائی تعلق علیگڑھ سے تھا۔ آپ 4 بھائی اور 3 بہنیں ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نارتھ ناظم آباد ، بلاک A میں ایک  کرائے کے مکان میں سکونت پذیر ہیں۔

شریک حیات اور بچے

 حافظ نعیم الرحمان کے 3 بیٹے اور ایک بیٹی ہے، 2 بیٹے حافظ قرآن ہیں۔ حافظ نعیم الرحمان کی اہلیہ شمائلہ نعیم ڈاکٹر ہیں اور جماعت اسلامی کی فعال رکن ہیں۔

تعلیم

نومنتخب امیرجماعت سلامی نے جامع مسجد دارالعلوم، لطیف آباد، یونٹ 10 سے قرآن پاک حفظ کیا۔جب کہ ابتدائی تعلیم نورالاسلام پرائمری اسکول، حیدرآباد سے حاصل کی اور میٹرک علامہ اقبال ہائی اسکول سے کیا۔ اس کے حافظ نعیم الرحمان کی فیملی حیدرآباد سے کراچی منتقل ہوگئی۔

حافظ نعیم الرحمان نے پاکستان شپ اونرز کالج سے انٹرمیڈیٹ اور ملک کی معروف درسگاہ این ای ڈی یونیورسٹی سے بی ای سول انجینئرنگ میں کیا۔بعد ازاں انہوں نے کراچی یونیورسٹی سے اسلامک ہسٹری میں ماسٹرز بھی کیا ہے۔

اسلامی جمعیت طلبہ سے تعلق

زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ ہوئے اور ایک فعال اور متحرک طالب علم رہنما کے طور پر اپنی شناخت منوانے میں کامیاب ہوئے۔  آپ طلبہ حقوق کے لیے آواز اٹھانے پر وہ گرفتار بھی ہوئے اور مختلف مواقع پر تین بار جیل کاٹی۔

جمعیت کے ناظم اعلیٰ

حافظ نعیم اسلامی جمعیت طلبہ کراچی اور پھر صوبہ سندھ جمعیت کے ناظم بھی رہے، جب کہ انہیں 1998 میں اسلامی جمعیت طلبہ کا ناظم اعلیٰ یعنی مرکزی صدر منتخب کیا گیا  حافظ نعیم الرحمان 2 سال اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ رہے۔

جماعت اسلامی سے وابستگی

 اسلامی جمعیت طلبہ سے فراغت کے بعد حافظ نعیم نے جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی اور یوں عملی سیاست میں قدم رکھا۔

سنہ 2001 کے شہری حکومتوں کے انتخابات میں انہوں نے ضلع وسطی کراچی کی ایک یونین کونسل سے نائب ناظم کا الیکشن لڑے اور کامیاب ہوئے۔

حافظ نعیم الرحمٰن لیاقت آباد زون کے امیر جماعت اسلامی، ضلع وسطی کے نائب امیر، کراچی جماعت اسلامی کے جنرل سیکرٹری اور نائب امیر بھی رہے۔سنہ 2013 میں انہیں پہلی بار امیر جماعت اسلامی کراچی منتخب کیا گیا۔

بطور امیر جماعت اسلامی کراچی

بطور امیر جماعت اسلامی کراچی، حافظ نعیم الرحمن نے کراچی کی سیاست پہ طاری جمود کو غیر معمولی جرات اور تحرک کے ذریعے توڑا۔ انہوں نے کراچی کے مسائل کے حل اور سندھ حکومت کی جانب سے جاری زیادتیوں کے خلاف پرزور آواز بلند کرنا شروع کی۔

جب کوئی سیاسی جماعت کراچی کی دگرگوں امن و امان، کے الیکٹرک، نادرا کے مسائل اور بحریہ ٹاؤن متاثرین کے لیے آواز اٹھانے کو تیار نہیں تھی تو حافظ نعیم الرحمان اور جماعت اسلامی اُن کی آواز بنے۔

 ’حق دو کراچی کو تحریک‘

کراچی میں جماعت اسلامی نے حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں ’حق دو کراچی کو تحریک‘ کا آغاز کیا، جو شہر کی سیاست میں ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوئی اور یہ تحریک کراچی کے حقوق کی سب سے توانا آواز بن گئی۔

 جب سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کے رہے سہے اختیارات بھی سلب کرلیے تو جنوری 2022 میں سندھ اسمبلی کے باہر سخت سردی اور بارش میں کھلے آسمان تلے تاریخ ساز دھرنے کا آغاز ہوا۔ یہ دھرنا 29 روز تک جاری رہا ، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کو مجبوراً بلدیاتی اداروں کے اختیارات واپس کرنے کے لیے معاہدہ پر دستخط کرنا پڑے۔

سب سے زیادہ ووٹ

 15جنوری 2023 کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تو جماعت اسلامی نے تمام سیاسی جماعتوں سے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔ اگر ریاستی طاقت استعمال کرکے نتائج نہ بدلے جاتے تو جماعت اسلامی شہر میں سب سے زیادہ یونین کونسلز بھی جیتنے میں کامیاب رہتی۔ بدترین دھاندلی کے باوجود جماعت اسلامی نے 87 یونین کونسلز اور 9 ٹاؤنز جیت لیے۔

7.45 لاکھ ووٹ

8فروری 2024 کے عام انتخابات میں ایک بار پھر کراچی نے حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی پر بھرپور اعتماد کیا اور وہ شہر سے 7.45 لاکھ ووٹ حاصل کرنے اور کئی سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی مگر فارم 47 میں نتائج بدل کر یہ سیٹیں جماعت اسلامی سے چھین لی گئیں۔

جرأت مندانہ اقدام

 حافظ نعیم الرحمان نے ان انتخابات میں الیکشن کمیشن کے مطابق اعلان شدہ جیتی ہوئی سیٹ یہ کہہ کر چھوڑ دی کہ وہ مخالف امیدوار سے ایک ہزار ووٹ سے ہارے ہیں اس لیے ان کا ضمیر گوارا نہیں کرتا کہ وہ یہ سیٹ قبول کریں۔

حافظ نعیم الرحمان کے اس حیرت انگیز اور جرات مندانہ اقدام کی نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی میڈیا میں بھی بھرپور پذیرائی ہوئی۔ سیاسی مخالفین نے بھی حافظ نعیم الرحمان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

سب سے مقبول رہنما

 تمام غیر جانبدار سروے۔ حافظ نعیم الرحمن کو کراچی کا اس وقت کا سب سے مقبول رہنما بتاتے ہیں۔

دیگر خدمات

کراچی کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے نہایت فعال اور متحرک پبلک ایڈ کمیٹی قائم کی۔ حافظ نعیم الرحمان جماعت اسلامی کراچی کے امیر کے ساتھ ساتھ ’الخدمت ویلفیئر سوسائٹی کراچی‘ کے صدر بھی ہیں۔

’بنو قابل‘

انہوں نے  نوجوانوں کے لیے فری آئی ٹی پروگرام ’بنو قابل‘ لانچ کیا، جو اپنی نوعیت کا انقلابی پروگرام ثابت ہوا اور جلد پورے ملک میں پھیل گیا۔ شہر کے ہزاروں نوجوانوں نے مفت کورسز کیے۔

  حافظ نعیم الرحمٰن نے جماعت اسلامی کراچی کے دفتر ادارہ نور حق میں بنو قابل کا کیمپس بنایا تو یہ بھی اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ تھا جب سیاسی جماعت کے دفتر میں روزانہ سیکڑوں نوجوان حصول تعلیم کے لیے رخ کرتے نظر آئے۔

ڈائیگنوسٹک سینٹر

اسی عرصے میں ناظم آباد کراچی میں الخدمت کا جدید ترین اور عالمی معیار کا ڈائیگنوسٹک سینٹر مکمل ہوا۔ کووڈ، سندھ اور بلوچستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب میں الخدمت کراچی نے بے مثال خدمات انجام دیں۔

پیشہ ورانہ خدمات

 حافظ نعیم الرحمان پیشے کے اعتبار سے انجینئر ہیں اور ایک نجی کمپنی سے منسلک ہیں۔ ان کی کمپنی کو اعلیٰ کوالٹی کی خدمات کے پیش نظر ایوارڈ بھی نوازا جا چکا ہے۔

دیگر دلچسپیاں

حافظ نعیم الرحمان نہ صرف کرکٹ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں بلکہ شعر و ادب کا بھی اعلیٰ ذوق رکھتے ہیں۔ آپ علامہ اقبال کے اردو اور فارسی کلام پہ گہری نظر رکھتے ہیں۔ آپ حافظ قرآن ہیں اور اردو اور انگریزی پر عبور رکھتے ہیں۔ جب کہ مسحور کن قرأت اور دلگداز نعت خوانی ان کا پوشیدہ وصف ہے۔

حافظ نعیم الرحمان چین ، ترکی ، متحدہ عرب امارات،  بنگلہ دیش،برطانیہ، جاپان ، قطر اور سعودی عرب سمیت مختلف ممالک کے دورے کر چکے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp