’میرے صبر کا امتحان نہ لیں‘، شاہین شاہ آفریدی کی معنی خیز پوسٹ وائرل

جمعہ 5 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کپتانی سے ہٹانے کے بعد فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے انسٹا گرام پر ایک معنی خیز ویڈیو شیئر کی ہے جس کے الفاظ کچھ یوں ہیں، مجھے ایسی پوزیشن میں مت لانا جہاں مجھے یہ دکھانا پڑے کہ میں کتنا ظالم اور بے رحم ہو سکتا ہوں۔ میرے صبر کا امتحان نہ لیں، جب حد تک پہنچ جاتا ہوں تو آپ مجھے وہ کام کرتے دیکھیں گے جو کسی نے سوچا بھی نہیں تھا۔

سابق کپتان کی انسٹاگرام اسٹوری اس بات کا اشارہ دے رہی ہے کہ قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے درمیان سب ٹھیک نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شاہین آفریدی سے قیادت لے کر بابر اعظم کو سونپ دی تھی۔

 گزشتہ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کے بعد بابر اعظم نے 15 نومبر کو تینوں فارمیٹس کی قیادت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی کو ٹی20 جبکہ شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔

شاہین کی زیر قیادت قومی ٹیم نے نیوزی لینڈ میں ہونے والی ایک ہی سیریز میں شرکت کی تھی اور ٹیم کو 1-4 کی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بعد ازاں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بھی ان کی ٹیم لاہور قلندرز ناقص کارکردگی کی وجہ سے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہو گئی۔ اسی دوران شاہین کو قیادت سے ہٹانے کی بازگشت شروع ہو گئی تھی، بعدازاں ایک بار پھر بابر اعظم کو قیادت سونپ دی گئی۔

اس سے پہلے 2019 میں بابر اعظم کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی کا کپتان بنایا گیا پھر 2020 میں وہ ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹ کے کپتان بنے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp